تحقیق و تنقید حافظ مبشر حسین لاہوری مولانا وحید الزماں رحمۃ اللہ علیہ کا عقیدہ ومسلک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے صدقِ دل سے محبت کرنا ہر مسلمان کے دین و ایمان کا بنیادی تقاضا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اظہارِ محبت کی اہم ترین صورت یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اَقوال و فرمودات (احادیث ِنبویہ) سے محبت کی جائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث اور فرمودات سے محبت کا طریقہ یہ ہے کہ انہیں خلوصِ دل سے سچا و منزل من اللہ (یعنی وحی) تسلیم کیا جائے۔ انکی کامل اتباع و اطاعت کی جائے، انہیں اپنا اوڑھنا، بچھونا اور حرزِ جان بنا لیا جائے، انہیں پڑھا، لکھا اور یاد کیا جائے اور انہیں دوسرے لوگوں تک ہر ممکنہ ذریعے سے منتقل کیا جائے۔ مولانا وحید الزماں کا نام ان خوش قسمت لوگوں کی فہرست میں شامل ہے، جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و فرمودات سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے علم حدیث کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں ۔ اس کی اس سے بڑی دلیل اور کیا ہوسکتی ہے کہ صحاح ستہ و موطأ کے وہ تراجم جو گذشتہ سو سال سے تاحال ہر دینی و علمی لائبریری کی زینت بنے ہوئے ہیں ، مولانا مرحوم ہی کے فیضانِ قلم کا نتیجہ ہیں اور آج تک ہونے والے دیگر تراجم میں انہی سے بکثرت استفادہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مرحوم نے ’موضحۃ الفرقان مع تفسیر وحیدی‘ کے نام سے قرآن مجید کا اُردو ترجمہ مع مختصر تفسیر بھی تالیف کی ۔ علاوہ ازیں فقہ کی بعض ضخیم کتابوں کے ترجمے بھی آپ نے کیے۔ مثلا طالب ِعلمی کے دور میں شرح الوقایہ پڑھنے کے دوران اس کا مکمل ترجمہ بھی کر دیا۔ عربی سے اُردو ترجمہ کرنے میں آپ کوخداداد ملکہ حاصل ہو چکا تھا جیسا کہ حاجی محمد ادریس بھوجیانی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ ’’ کچھ عرصہ بعد ایسا ملکہ حاصل ہو گیا تھا کہ بڑی سے بڑی کتابوں کا ترجمہ بلا تکلف کر |