Maktaba Wahhabi

337 - 346
مکرمی مولانا حافظ محمد یوسف! السلام علیکم ورحمۃ اللہ مجھے جماعت اہلِ حدیث قصور کے بعض احباب سے یہ معلوم کر کے بہت مسرت ہوئی کہ آپ کے خطبہء جمعہ کو بہت پسند کیا گیا اور وہاں کی جماعت کی دلی خواہش ہے کہ آپ اگر مستقل طور پر قصور تشریف لے آئیں تو مولوی اسحاق صاحب کے جانے سے جو جگہ خالی ہوئی ہے، اسے آپ پر کر سکتے ہیں۔یہ صحیح ہے کہ آپ گوجراں والا میں اپنا تجارتی کاروبار کرتے ہیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کے لیے جو رزق مقرر کیا ہے وہ بہر حال آپ کو ہر جگہ ملے گا۔ قصور بھی ایک بہت اچھا قصبہ ہے، وہاں آپ اگر کوئی تجارتی کام کرنا چاہیں تو وہاں اس کے مواقع بھی ہیں، اس لیے میری دلی تمنا ہے کہ آپ قصور تشریف لائیں اور مستقل رہایش یہاں اختیار کر لیں۔اپنے مواعظِ حسنہ اور تجارت کے لیے اہلِ قصور اور گردو نواح کے مسلمانوں کو محضوظ فرمائیں۔آپ ماشاء اللہ ایمانی بصیرت رکھتے ہیں، آپ کو زیادہ اس بارے میں کہنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا کہ جو رزق اللہ تعالیٰ نے آپ کے لیے مقرر کیا ہے، وہ بہر حال آپ کو عطا کرتا رہے گا۔اس میں سے کوئی ایک دانہ بھی آپ سے چھین نہیں سکتا اور نہ کوئی ایک دانہ اس میں دے سکتا ہے۔آپ اللہ کے دین کے لیے یہ تبدیلیِ مکان کریں گے، اللہ تعالیٰ آپ کی ضرور مدد کرے گا۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿وَ لَیَنْصُرَنَّ اللّٰہُ مَنْ یَّنْصُرُہٗ﴾ یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے: ﴿وَ مَنْ اَصْدَقُ مِنَ اللّٰہِ قِیْلًا﴾ اس لیے امید کرتا ہوں کہ آپ میری اس درخواست کو قبول فرما کر قصور آنے کے پروگرام کو دوسری چیزوں پر ترجیح دیں گے۔ امید ہے کہ جواب باصواب سے جلد مطلع فرمائیں گے۔
Flag Counter