Maktaba Wahhabi

277 - 346
3۔نجات الاسلام(عیسائیوں کے رد میں) 4۔تقدیس سید الابرار 5۔قدامت اہلِ السنۃ والجماعت یعنی اہلِ حدیث: یہ سب تالیفات شائع ہوچکی ہیں اور سکول بک ڈپو اردو بازار گوجراں والا سے مہیا بھی ہو سکتی ہیں۔ آپ کی عیسائیوں کے رد میں ایک اور تالیف بھی ہے جسے مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی کے ایما پر تالیف کیاگیا اور جو پادری ٹھاکر داس کی رسوائے زمانہ کتاب امہات المومنین کے جواب میں ہے۔اس کا آپ نے نام تجویز فرمایا تھا: ’’ضربات المسلمین علی راس الطاعین في شان أمھات المؤمنین‘‘۔اس کتاب کو مولانا نے املا کرایا تھا اور املا کی سعادت راقم الحروف کو حاصل ہوئی۔اس تالیفِ لطیف کا مسودہ تھوڑے دن ہوئے تکمیل ہو کر لاہور مولانا محمد عطاء اللہ حنیف بھوجیانی کے ہاں پہنچ چکا ہے۔اسے وہ جلد ہی شائع کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں۔اللہ کرے کہ جلد طبع و اشاعت کے مراحل طے ہوں۔ اب مولانا کا ارادہ تھا کہ عصمت انبیاعلیہم السلام کے موضوع پر ’’عصمت نامہ‘‘ کے نام سے ایک کتاب لکھیں گے، جس کا آغاز فرما دیا تھا تاآنکہ اسی جہاد فی سبیل الاسلام میں اپنی جان جانِ آفرین کے سپرد کردی۔اللھم ألحقہ بالرفیق الاعلیٰ فاجعل جنۃ الفردوس مثواہ وأدخلہ في عبادک الصالحین۔ مولانا عبدالواحد مرحوم و مغفور کی تحریر ختم ہوئی، جو آج سے سینتیس(37)سال پہلے 6 جولائی 1973ء کے ’’الاعتصام‘‘ میں شائع ہوئی تھی۔اس تحریر سے بہت سی پرانی یادیں تازہ ہوئیں۔انھوں نے مولانا احمدالدین کے ایک مسودے کا بھی ذکر کیا ہے، جس کا نام ’’ضربات المسلمین علی رأس الطاعین في شان أمہات المؤمنین‘‘ تھا
Flag Counter