Maktaba Wahhabi

211 - 346
میری سفارش ہے کہ اس کتاب کی اشاعت میں خاص حصہ لیں۔فقط عبداللہ امرتسری روپڑی، لاہور ماڈل ٹاؤن، کوٹھی نمبر 119، سی بلاک۔ اب پڑھیے تقریظ از شیخ الحدیث مولانا محمد اسماعیل صاحب رحمہ اللہ مدرس مدرسہ محمدیہ گوجراں والا: ’’فضائل سید العالمین‘‘ کا کافی حصہ میں نے غور سے پڑھا۔محترم مصنف میرے دیرینہ دوست، مخلص اور نیک دل ہونے کے ساتھ تجربہ کار مناظر ہیں۔رسمی مناظرات میں ان کا ایک مخصوص مقام ہے۔ ہمیں باوجودے کہ رسمی مناظرات سے کوئی دلچسپی نہیں، نہ ہی اس کے لیے طبیعت میں صلاحیت ہے، تاہم ’’فضائل سید العالمین‘‘ کو ہم نے دلچسپ پایا۔بعض مقامات میں تو مصنف علام نے بڑی دقتِ نظر سے کام لیا ہے، اور تحقیق مسئلے کی عام مناظرانہ روش پر غالب آگئی ہے۔بعض مقامات پر مناظرانہ انداز بھی نمایا ں ہوگیا ہے۔لیکن اس کے باوجود سنجیدگی کا پہلو بہت واضح ہے۔ مصنف محترم مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ایک ایسا موضوع جس پر آج تک یا میلاد خوانوں کا قبضہ تھا یا فلسفی سیرت نگاروں کا۔اول الذکر گروہ نے اس چشمہء صافی کو اس قدر مکدر کر دیا کہ ایک سلجھا ہوا دماغ ان مزخرفات کو سن بھی نہیں سکتا،جو ان لوگوں کے وعظوں اور نعتوں میں بیان کیے جاتے ہیں۔ دوسرے فریق نے اسے اس قدر خشک اور خالص فلسفی موضوع بنا دیا ہے کہ اس کے پڑھنے سے نہ تو عقیدت پیدا ہوتی ہے، نہ ہی وہ سرور باقی رہتاہے، جو سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا لازمی جزو ہے۔
Flag Counter