خدا جزاے خیر دے۔اس کو ترتیب دے کر دوبارہ لکھا گیا اور بعض مقامات میں ترمیم بھی کی گئی۔رسالہ ہذا میں مندرجہ ذیل امور کا التزام کیا گیاہے۔ اول یہ کہ ان آیات واحادیث کا ذکر جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور معجزات وغیرہ کے علاوہ ہیں(جو فضائل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات سے ثابت ہوتے ہیں)ان کا ذکر ہم نے اپنی کتاب برہان الحق میں کر دیا ہے۔محبانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ضرور اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ دوم: حتی الامکان اس میں حدیث صحیح اور حسن پر ہی اکتفا کیا گیا ہے مگر بعض مقامات میں حدیثِ معروف کو جس میں خفیف سا ضعف ہے اور مضمون کے لحاظ سے احادیثِ صحیحہ کے عین مطابق ہے، اس کو بموجب اصول محدثین بطور استشہاد ومتابعت کے درج کیا گیا ہے۔ سوم: فضائل پر سے شبہات کا ازالہ حتی الامکان تحقیقی جواب سے کیا گیا ہے۔مگر بعض مقامات اس سے مستثنیٰ ہیں۔الزامی جوابات سے اس لیے پرہیز کیا گیا ہے کہ یہ کوئی مخالفین کی تردید میں نہیں ہے۔ چہارم: وہ فضائل جو روایاتِ کا ذبہ سے ثابت ہیں، ان سے یہ مضمون کلیتاً منزہ ومبرا ہے۔کیوں کہ وہ در حقیقت فضائل نہیں، بلکہ وہ کاذبین کا اختراع اور خدا و رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر بہتان ہے۔بعض ان میں سے ایسے ہیں، جن میں عیسائیوں کی طرح غلو و مبالغہ پایا جاتا ہے اور قرآن وحدیث کے مخالف بھی ہیں۔اور غلو کا ذکر آیندہ کیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ پنجم: جس آیت سے فضیلت کا استدلال کیا گیا ہے، اس کو اس سے پیشتر کی آیت کے مضمون سے مناسبت اور ربط بھی دیا گیا ہے۔رسالہ ہذا |