بے شک’’ برہان الحق‘‘ اپنے موضوع کی ایک اہم اور قابلِ مطالعہ کتاب ہے، زبان و انداز کے اعتبار سے بھی اور دلائل کے اعتبار سے بھی۔ 2۔سیرت سید العالمین: یہ کتاب30=16/20 سائز کے176 صفحات پر محیط ہے اور سکول بک ڈبو اردو بازار، گوجراں والا کی طرف سے شائع ہوئی، جو پادری ٹھاکر داس کی کتاب ’’سیرۃ المسیح و محمد‘‘(صلی اللہ علیہ وسلم)کے جواب میں لکھی گئی۔ٹائٹل پیج پر حسبِ ذیل الفاظ مرقوم ہیں : مصنفہ مناظر اسلام مولانا احمد الدین گکھڑوی رسالہ ہذا میں پادری ٹھاکر داس کے زہریلے حملے جو اس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور عصمت پر کیے ہیں، ان کا جوابِ تحقیقی اور الزامی دے کر براہینِ قاطع بہ دلائل واضح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت اور عصمت کو ثابت کیا گیا ہے۔ناظرین باتمکین کی خدمت میں التماس ہے کہ آپ اس رسالے کو اول سے آخر تک کم از کم دوبار ضرور پڑھیں۔مسلم اسے پڑھ کر اپنے ایمان کو تازہ کریں اور مسیحی دوستوں پر اگر حق ظاہر ہوجائے تو اسے قبول کرنے میں ہر گز تاخیر نہ کریں۔ یہ کتاب لکھنے کی وجہ مولانا احمد الدین گکھڑوی ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں : ’’پادری ٹھاکر داس جی، ایل کا رسالہ ’’سیرۃ المسیح و محمد‘‘(صلی اللہ علیہ وسلم)1929ء میں اس عاجز کی نظر سے گزرا تھا۔مصنف مذکور نے حضرت مسیح اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا مقابلہ کرتے ہوئے حضرت سید الانبیا صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ایسے نا شائستہ الفاظ استعمال کیے ہیں اورایسا غیر مہذب انداز اختیار کیا ہے کہ اسے دیکھتے ہی مسلمان کا دل زخمی ہو جاتا ہے۔ |