(داعی کو) علمی اور عملی کمال حاصل ہو،وگرنہ دعوت درست نہ ہوگی۔‘‘[1]علم و عمل والے معلم کی شان و عظمت:اس بارے میں ذیل میں حضرت فضیل اور امام ابن قیم رحمہما اللہ کے اقوال ملاحظہ فرمائیے:ا:امام ترمذی رحمہ اللہ نے حضرت فضیل بن عیاض رحمہ اللہ سے روایت نقل کی ہے،کہ انہوں نے کہا:’’علم و عمل والے معلم کو آسمانوں کی بادشاہی میں[کبیر]کے لقب سے پکارا جاتا ہے۔‘‘[2]شیخ مبارکپوری رحمہ اللہ اس قول کی شرح میں لکھتے ہیں:’’معنی یہ ہے کہ آسمانوں والے اس کی شان و عظمت کی بنا پر اسے[کبیر]کے لقب سے پکارتے ہیں،کیونکہ اس میں علم،عمل اور تعلیم کی تین خوبیاں اکٹھی ہوگئیں۔‘‘[3]ب:امام ابن قیم رحمہ اللہ نے تحریر کیا ہے:’’علم حاصل کرنے،اس کے مطابق عمل کرنے اور اسے سکھلانے کو آسمانوں کی بادشاہت میں[عظیم]کے نام کے ساتھ پکارا جاتا ہے۔‘‘[4]اللہ تعالیٰ کے دین،عبادت اور محبت و معرفت کی طرف دعوت دینے والوں کے متعلق امام رحمہ اللہ ہی رقم طراز ہیں۔‘‘’’یہ لوگ مخلوق میں سے اللہ تعالیٰ کے خواص میں سے ہیں اور اپنے مقام و مرتبہ کے اعتبار سے اس کے ہاں سب سے بلند و بالا اور اونچی شان و عظمت والے ہیں۔‘‘[5]