باب ششمتاریخ اور مستشرقین مستشرقین نے علوم اسلامیہ کی دیگر شاخوں کے ساتھ تاریخ اسلام کو بھی موضوع بحث بنایا ہے اور اس میدان میں بھی ان کی تحقیق کا ایک بڑا حصہ بہتان،جھوٹ اور بے سروپا کہانیوں پر مبنی ہے تا کہ دین اسلام کی تصویر کو مسخ کیا جا سکے۔ فرانسیسی مستشرق پال کیزانووا Paul Casanova (۱۸۶۱۔۱۹۲۶ء) کا دعویٰ ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی وفات سے پہلے کسی کو اس لیے اپنا خلیفہ مقرر نہیں کیا تھا کہ آپ کو یقین تھا کہ آپ کی وفات کے ساتھ ہی قیامت قائم ہو جائے گی اور یہ دنیا ختم ہو جائے گی۔ اس کا کہنا یہ بھی ہے کہ جب آپ کی وفات کے ساتھ دنیا ختم نہ ہوئی تو ابوبکر صدیق کو قرآن مجید میں دو آیات ﴿وَمَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌ ۚ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِ الرُّسُلُ ۭ اَفَا۟ىِٕنْ مَّاتَ اَوْ قُتِلَ انْقَلَبْتُمْ عَلٰٓى اَعْقَابِكُمْ ۭ وَمَنْ يَّنْقَلِبْ عَلٰي عَقِبَيْهِ﴾(آل عمران: ۱۴۴) اور ﴿اِنَّكَ مَيِّتٌ وَّاِنَّهُمْ مَّيِّتُوْنَ 30ۡ]الزمر:۳۰) کا اضافہ کرنا پڑا۔ اسی طرح جرمن مستشرق کارل بروکلمان Carl Brockelmann (۱۸۶۸۔۱۹۵۶ء) نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے ساتھ ہی مسلمانوں کا باہمی بغض وعناد پھٹ پڑا اور وہ باہم دست وگریبان ہو گئے۔ جرمن مستشرق جولیوس ویلہاؤزن Julius Wellhausen (۱۸۴۴۔۱۹۱۸ء)کا کہنا یہ ہے کہ آپ کی وفات کے ساتھ ہی دینداری ختم ہو گئی، قبائل مرتد ہو گئے اور کوئی نظم نہ ہونے کی وجہ سے جس کے ہاتھ اقتدار لگا، اس نے اس پر قبضہ جما لیا۔ 1ذیل میں ہم ان معروف مستشرقین کے احوال اور نظریات کا جائزہ لے رہے ہیں جو تاریخ اسلامی میں بحث وتحقیق کے حوالے سے معروف ہیں۔