بھی اس حویلی میں رہائش رکھے ہوئے ہے تو بھی بلا ضرورت دوسرے گھر نہ جائے ۔مختصر یہ ہے کہ جو بھی زینت وآرائش کاسامان ہے،اس سے پرہیز کرے، اگر نہانے کی ضرورت ہے تو صفائی ونظافت پر شرعاً کوئی پابندی نہیں ہے۔(واللہ اعلم بالصواب) سوال نمبر 1۔بعض سٹیکروں پر'' میرے لئے اللہ اور اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم کافی ہے'' لکھا ہوتا ہے یہ لکھنا جائز ہے؟ سوال نمبر 2۔اصحاب کہف کاکتا جنت میں جائے گا یا نہیں؟ سوال نمبر 3۔دوران نماز زیر ناف ہاتھ باندھنے سے نماز ہوجائے گی یا نہیں؟ سوال نمبر 4۔ایک عورت کی دو شادی شدہ بیٹیاں ہیں۔ ایک کے ہاں بچہ اور دوسری کے ہاں بچی ہے۔ بعض اوقات وہ عورت اپنے نواسے اور نواسی کو دودھ پلادیتی ہے۔ ایسے حالات میں اس بچے اور بچی کا آپس میں نکاح ہوسکتا ہے یا نہیں؟قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب دیں؟(سائل :محمد دین شاکر مقصود) جواب نمبر1۔شرک کامعاملہ بہت نزاکت کا حامل ہے۔معمولی شرک سے زندگی بھر کے اعمال ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔اس لئے صرف''حسبی اللّٰه '' میرے لئے اللہ ہی کافی ہے۔لکھنا اورکہنا چاہیے، خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ''اے نبی !( صلی اللہ علیہ وسلم ) تمہارے لئے اور تمہارے پیرو اہل ایمان کے لئے تو بس اللہ ہی کافی ہے۔''(8 / الانفال :64) جواب نمبر 2۔اللہ تعالیٰ نے اپنی جنت کو جنوں اور انسانوں کے لئے بنایا ہے اس میں کوئی حیوان نہیں جائے گا۔ انہیں مرنے کے بعد مٹی بناکر ختم کردیاجائے گا۔ صرف میدان محشر میں وہ حیوانات ہوں گے جن کا انسانی حساب وکتاب سے تعلق ہوگا، نیز ایسے سوالات کا انسان کی عملی زندگی سے کوئی تعلق نہیں، لہذا ان سے اجتناب کرنا چاہیے۔ جواب نمبر 3۔دوران نماز سینے پر ہاتھ باندھنے چاہئیں جیسا کہ صحیح ابن خزیمہ اور دیگر کتب حدیث میں اس کی صراحت موجود ہے۔ زیر ناف ہاتھ باندھنے کی احادیث صحیح نہیں ہیں۔ حق واضح ہونے کے بعد بھی اگر ہٹ دھرمی اور ضد کی بنا پر زیر ناف ہاتھ باندھتا ہے تو بلا شبہ ا س کی نماز نہیں ہوتی، البتہ اجتہادی غلطی صحت نماز کے لئے رکاوٹ نہیں ہوگی۔ جواب نمبر 4۔مذکورہ عورت نے چونکہ اپنے نواسے اور نواسی کو دودھ پلایا ہے۔لہذا یہ دونوں دودھ شریک بہن بھائی ہیں، ان کا آپس میں نکاح نہیں ہوسکتا ، قرآن میں ہے:''تمہاری وہ مائیں جنھوں نے تمھیں دودھ پلایا ہو اور تمہاری دودھ شریک بہنیں( بھی حرام ہیں)۔''(4/النساء :23) اور حدیث میں ہے کہ'' وہ تمام رشتے جو نسب کے تعلق سے حرام ہوتے ہیں دودھ شریک ہونے بھی حرام ہوجاتے ہیں۔''لہذا ان دونوں کا آپس میں نکاح نہیں ہوسکتا۔(واللہ اعلم بالصواب) سوال۔ایک خاتون بذریعہ ای میل سوال کرتی ہے کہ اگر خاوند فوت ہوجائے تو بیوی ایام عدت کہاں گزارے؟ اپنے خاوند کے گھر جہاں وہ اپنے خاوند کے فوت ہونے کی اطلاع پائے، نیز یہ بھی بتایا جائے کہ دوران عدت اپنے خاوند کی قبر پر جاسکتی ہے یا نہیں؟قرآن وحدیث کی روشنی میں اس کاحل پیش کریں۔ جواب۔عورت نے جس خاوند کے ساتھ زندگی کے ایام گزارے ہیں اس کے حق رفاقت و وفاداری اور اس کے رشتہ داروں |