| دلیل نمبر 19 سیدناابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے منسوب ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو اپنے گھر سے نماز کے لیے نکلے اوریہ دعا پڑھے، تو اللہ تعالیٰ اپنے چہرے کے ساتھ اس کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اس کے لیے ستر ہزار فرشتے دعائے مغفرت کرتے ہیں : اَللّٰھُمَّ! إِنِّي أَسْأَلُکَ بِحَقِّ السَّائِلِینَ عَلَیْکَ، وَأَسْأَلُکَ بِحَقِّ مَمْشَايَ ھٰذَا ۔ ’’یا اللہ!تجھ سے دعا کرنے والوں کا تجھ پر جو حق ہے اور میرے چلنے کا بھی جو حق ہے، میں اسی حق کے طفیل تجھ سے دعا کرتا ہوں ۔‘‘ (مسند الإمام أحمد : 2/21، سنن ابن ماجہ : 778) تبصرہ: سند سخت ’’ضعیف‘‘ ہے۔ حافظ منذری رحمہ اللہ( 656ھ)فرماتے ہیں : بِإِسْنَادٍ فِیہِ مَقَالٌ ۔’’اس کی سند میں کلام ہے۔ ‘‘ (التّرغیب والتّرھیب : 2487) شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ( 728ھ)فرماتے ہیں : ھٰذَا الْحَدِیثُ ھُوَ مِنْ رِّوَایَۃِ عَطِیَّۃَ الْعَوْفِيِّ عَنْ أَبِي سَعِیدٍ، وَہُوَ ضَعِیفٌ بِإِجْمَاعِ أَہْلِ الْعِلْمِ، وَقَدْ رُوِيَ مِنْ طَرِیقٍ آخَرَ، وَہُوَ ضَعِیفٌ أَیْضًا ۔ |