Maktaba Wahhabi

50 - 219
میری سنت کو مضبوطی سے تھامے رکھو۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: ((اِنِّیْ قَدْ تَرَکْتُ فِیْکُمْ مَا اِنِ اعْتَصَمْتُمْ بِہٖ فَلَنْ تَضِلُّوْا اَبَدًا کِتَابُ اللّٰہِ وَسُنَّۃَ نَبِیِّہٖ)) ’’میں تمہارے درمیان وہ چیز چھوڑے جا رہاہوں جسے مضبوطی سے تھامے رکھو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہوگے اور وہ ہے اللہ کی کتاب اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت۔‘‘( مستدرک حاکم) ہم نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم سنا اور اطاعت کی ﴿سَمِعْنَا وَ اَطَعْنَا﴾ہدایت اور نجات کے لئے اللہ کی کتاب اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہمارے لئے کافی ہے ۔اس کے علاوہ کسی تیسری چیز کی طرف ہمیں دیکھنے کی ضرورت ہے نہ حاجت ﴿حَسْبُنَا کِتَابُ اللّٰہِ وَ سُنَّۃَ نَبِیِّہٖ﴾ ٭٭٭ قارئین کرام ’’کتاب النار‘‘ در اصل ’’کتاب الجنۃ‘‘کا دوسرا حصہ ہے۔ جسے ضخامت زیادہ ہونے کی وجہ سے کم کرنا پڑا۔ امید ہے اس سے دونوں حصوں کی افادیت میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ ان شاء اللہ! بارگاہ رب العزت میں عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ’’ کتاب الجنۃ‘‘اور’’ کتاب النار‘‘کو ترغیب اور ترہیب کا بہترین ذریعہ بنا کر عوام الناس کے لئے نفع بخش بنائے۔ کتاب کے بہترین پہلوؤں کو اپنے فضل و کرم سے شرف قبولیت عطافرمائے اور اس میں غلطیوں اور کوتاہیوں سے درگزر فرمائے ۔آمین! حسب سابق صحت احادیث کے سلسلہ میں شیخ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ کی تحقیق سے استفادہ کیا گیا ہے ۔حوالہ جات کے آخر میں نمبر موصوف کی کتب کے دیئے گئے ہیں۔ آخر میں واجب الاحترام علماء کرام کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں جو’ ’تفہیم السنہ ‘‘کی تالیف کے دوران میری راہنمائی فرماتے رہتے ہیں اور اپنے قیمتی مشوروں سے نوازتے ہیں نیز اپنے ان تمام رفقاء کرام کے لئے بھی دعا گو ہوں جو اشاعت حدیث کے اس اہم منصوبہ میں گزشتہ پندرہ سال سے قدم بقدم ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔فَجَزَاھُمُ اللّٰہُ اَحْسَنُ الْجَزَا قارئین کرام !اب آئیے سب مل کر اپنے بزرگ و برتر پاک رب کے حضور جہنم سے پناہ مانگنے کی دعا کریں ۔بے شک وہ دعائیں سننے والا ہے اور قبول فرمانے والا ہے ۔اِنَّ رَبِّیْ لَسَمِیْعُ الدُّعَائِ(39:14)
Flag Counter