عَنْ اَبِیْ مُوْسٰی رضی اللّٰہ عنہ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم )( اِذَا الْتَقَی الْمُسْلِمَانِ بِسَیْفَیْھِمَا فَالْقَاتِلُ وَ الْمَقْتُوْلُ فِی النَّار)) قَالُوْا یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ! ھٰذَا الْقَاتِلُ فَمَا بَالُ الْمَقْتُوْلُ؟ قَالَ: ((اِنَّہٗ اَرَادَ قَتْلَ صَاحِبِہٖ))رَوَاہُ ابْنُ مَاجَۃَ [1] (صحیح) حضرت ابو موسٰی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جب دو مسلمان ایک دوسرے پر اپنی تلوار سے حملہ آور ہوں تو قاتل اورمقتول دونوں آگ میں جاتے ہیں۔‘‘صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !قاتل کا جہنمی ہونا تو صحیح ہے مقتول کیونکہ جہنم میں جائے گا؟‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’مقتول بھی اپنے ساتھی کو قتل ہی کرنا چاہتا تھا۔‘‘اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 291:دھوکہ اور فریب دینے والا شخص جہنم میں جائے گا۔ عَنْ عَبْدِ اللّٰہِ بْنِ مَسْعُوْدٍ رضی اللّٰہ عنہ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم (( مَنْ غَشَّنَا فَلَیْسَ مِنَّا وَ الْمَکْرُ وَ الْخُدَاعُ فِی النَّار))رَوَاہُ الطِّبْرَانِیُّ[2] (حسن) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’ ’جس نے دھوکہ کیا وہ ہم میں سے نہیں نیز فرمایا فریب اور دھوکہ آگ میں ہے۔‘‘اسے طبرانی نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 292:سونے کی انگوٹھی پہننے والا جہنم میں جائے گا۔ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْھُمَا اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم رَاٰی خَاتَمًا مِنْ ذَھَبٍ فِیْ یَدِ رَجُلٍ فَنَزَعَہٗ فَطَرَحَہٗ وَ قَالَ ((یَعْمِدُ اَحَدُکُمْ اِلٰی جَمْرَۃٍ مِنْ نَارٍ فَیَجْعَلُھَا فِیْ یَدِہٖ))رَوَاہُ مُسْلِمٌ [3] حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرد کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے ہاتھ سے وہ انگوٹھی اتاری اور دور پھینک دی پھر فرمایا ’’تم میں سے کوئی شخص آگ کے انگارے ہاتھ میں لینا چاہتا ہے تو وہ (سونے)کی انگوٹھی پہن لیتا ہے۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ |