مقدمہ نحمدہ ونصلي علی رسوله الکریم أشهد أن لا إله إلا اللّٰه وأشهد أن محمدا عبده ورسوله: أمابعد: اللہ کے فضل و کرم سے ’’عقیدۃ السلف و اصحاب الحدیث ‘‘ترجمہ ،تخریج و تحقیق اور مفید تعلیقات سے مزین پیش خدمت ہے ،امید کرتے ہیں کہ مسلمان اس کتاب سے نفع اٹھائیں گے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے یہ ایک چھوٹا سا عمل ہمارے ہاتھوں سے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے ضمن میں کر دے اور یہ بھی امید ہے کہ جو ہمارے بھائی تمنا اور حسرت رکھتے ہیں کہ وہ منہج سلف کے طریق پر گامزن ہوں ان کو اس کتاب کے ذریعے سے سلفی عقیدہ و منہج کی وضاحت ملے گی اور ان کی تشفی ہو گی ۔ان شاء اللہ ہمیں آپس میں اختلاف سے بچنے اور اتفاق و اتحاد کو قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے الحمدللہ آج بھی قرآن و حدیث کی دعوت اس واضح راستے کو بیان کرتی ہے ،اور تمام اختلاف کا حل قرآن و حدیث ہے یہی ایک کسوٹی ہے اسی پر تمام لوگوں کا اتفاق ممکن ہے اور یہی ہماری دعوت ہے ۔ |