Maktaba Wahhabi

88 - 95
دوسرا کورس : قاعدہ یسرنا القرآن کورس پھر جب بچہ تین چار سال کا ہوتا ہے تو وہ قریبی مسجد، مدرسے یا محلے کے کسی گھر میں القاعدة البغدادیة، قاعدہ یسرنا القرآن یا نورانی قاعدہ پڑھنے لگتا ہے۔ وہ اس تمہیدی قاعدے کو بالعموم ایک یا دو سال مسلسل محنت سے پڑھتا رہتا ہے، اور عربی زبان کے تمام حرفوں کی الگ الگ پہچان، ان کی مفرد اور مرکب شکلوں کی پہچان اور خواندگی سیکھتا ہے اور ان کے استعمالات کی مشق کرتے ہوئے قرآنِ کریم کے تمام الفاظ، ترکیبات ، جملوں اور آیات کی قراءت سیکھتا ہے۔ نیز ان تمام حروف کے مخارج اورمدات کی اقسام ،نیز وصل اور وقف کے قواعد کی تعلیم پاتا ہے۔ تیسرا کورس: ناظرہ قرآنِ کریم اس تمہیدی قاعدے کو مکمل کرنے کے بعدیہ خوش نصیب بچے قراءت و تلاوت کے انہی اُصولوں اور قاعدوں کے مطابق اب قرآنِ کریم کی تلاوت کی تربیت کا نیا کورس شروع کرتے ہیں ، جسے ناظرہ قرآنِ کریم کورس کہا جاتا ہے۔ اس میں کتاب اللہ کو شروع سے لے کر آخر تک سبقاً سبقاً پڑھایا جاتا ہے۔ یہ کورس ڈیڑھ دو سال تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران وہ قرآن کریم کی آسان، سلیس اور شیریں عربی زبان پر مشتمل اللہ تعالی کے ارشادات اور آیات کو بار بار اور تکرار سے پڑھتا ہے ۔ چوتھا کورس: حفظ ِقرآنِ کریم کورس یا قراء تِ قرآنِ کریم کورس بعد ازاں کچھ خوش نصیب بچے شعبہ تحفیظ القرآن الکریم میں داخلہ لیتے ہیں اور قرآنِ کریم کو شروع سے لے کر آخر تک زبانی یاد کرتے ہیں اور وہ صبح شام اور دن رات قرآنِ کریم کی عبارتوں اور سورتوں کو بیسیوں یا سینکڑوں بار پڑھتے اور دہراتے ہیں ۔ اس کورس کو مکمل کرنے کے لئے وہ عموماً دو یا تین سال مسلسل پڑھتے رہتے ہیں جب کہ کئی دوسرے خوش نصیب بچے قرآنِ کریم کے تجوید و قراء ت کورس میں داخلہ لیتے ہیں اور وہ ائمہ سلف اور معروف قراء سے مروی تجوید وقراءت کے قواعد کے مطابق آیاتِ کریمہ کی تلاوت کی مشق کرتے ہیں اور اساتذہ سے تربیت لیتے ہیں ۔
Flag Counter