دعوت واِبلاغ پروفیسرعبدالعظیم جانباز، سیالکوٹ بن شیخ الحدیث مولانا محمد علی جانباز رحمۃ اللہ علیہ میڈیا … اسلام کے خلاف مغرب کا مؤثر ہتھیار موجودہ دور میڈیا کا دور ہے۔ غو رکیاجائے تو محسوس ہوگا کہ مغرب محض مؤثر اور طاقتور میڈیا کے ذریعے ہی ہمارے ذہنوں پر حکومت کررہاہے۔یہاں ہم سے مراد صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پاکستان جیسے وہ ممالک بھی اس میں شامل ہیں جہاں سیاسی شعور کافقدان ہے۔ جہالت عروج پر ہے اور مغربی تعلیم یافتہ طبقہ ہرقسم کی رہنمائی کے لیے مغرب کی جانب دیکھتاہے۔ یہ ہمارے پڑھے لکھے طبقے کااحساسِ کمتری ہے کہ وہ مغرب کے ایجادکردہ ہرلفظ، اِصطلاح اور محاورے کو یوں قبول کرلیتا ہے جیسے یہ اِلہامی بات اور مقدس لفظ ہو۔ چنانچہ اس طرح مغرب میڈیانت نئے شوشے چھوڑتا رہتا ہے جن کا مقصد ہماری سوچ کو متاثر کرنا اور ہماری فکر کو ایک خاص رُخ پر ڈالنا ہوتاہے۔یادرکھئے کہ یہ دور جسمانی غلامی کا نہیں بلکہ ذہنی غلامی کاہے۔ ماضی میں جب ضعیف قوموں کو غلام اور کمزور ملکوں کو تجارتی مقاصد کے لیے کالونی بنایا جاتاتھا تو مغربی ممالک نے پسماندہ اقوام کی ایک بڑی تعداد کو اپنا غلام بنارکھا تھا۔ اس دور میں انسانی حقوق کاکہیں ذکر نہیں تھا، کیونکہ انسانی حقوق کا فلسفہ نہ صرف مغربی استعمار کے مفادات کے منافی تھا بلکہ مغربی استعمار کی نفی بھی کرتاتھا، اس طرح مغربی ممالک کئی صدیوں تک پسماندہ ممالک کو اپنی کالونیاں بناکران کے مالی وشخصی وسائل کو اپنی صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے استعمال کرتے رہے۔ اگر آپ لندن، پیرس اور روم جیسے خوبصورت شہروں کی بڑی بڑی شاہراہوں ، عمارتوں اور صنعتی مراکز کی بنیادوں میں جھانکیں تو ان میں سے آپ کو اپنے بزرگوں کے محنت ،خون پسینے کی خوشبو آئے گی اور وہاں ہماری سرزمینوں کا مال ہتھیا کر صرف کیا گیا ہوگا۔ |