Maktaba Wahhabi

131 - 111
تعارف و تبصرہ کتب حافظ محمدزبیر غامدی صاحب : علماء کی نظر میں مصنّفین: مفتی ذیشان پنجوانی، مفتی فیصل خورشید جاپان والا، مفتی کمال الدین مسترشد ضخامت:۱۶۰ صفحات سالِ اشاعت:۲۰۰۸ء قیمت:۲۰۰ ملنے کا پتہ: المصباح ناشرانِ قرآن و کتب ِاسلامیہ: ۱۶/ اردو بازار، لاہور کتاب دیکھنے میں عمدہ اور ٹائٹل، کاغذ اور طباعت کا معیار اچھا ہے۔ ٭ کتاب کے مصنّفین تو ایک سے زائد ہیں لیکن ٹائٹل پر نا م صرف مفتی فیصل جاپان والا لکھا ہوا ہے حالانکہ مفتی فیصل صاحب نے اس کتاب کے تقریباً ۲۵ صفحات لکھے ہیں ۔اس کتاب کا اکثر و بیشتر حصہ مفتی ذیشان پنجوانی صاحب کا ہے جنہوں نے غامدی صاحب کے نظریات پر نقد کرتے ہوئے تقریباً ۹۰ صفحات رقم کیے ہیں ۔یہ بات بہت ہی قابل تعجب ہے کہ مفتی فیصل جاپان والا کو، جن کے اس کتاب میں صرف ۲۵ صفحات ہیں ،کتاب کا محقق قرار دیا گیا ہے۔ پھر یہ امر بھی ناقابل فہم ہے کہ مفتی ذیشان صاحب،جن کا اس کتاب کے تحقیقی مواد میں سب سے زیادہ حصہ شامل ہے، ان کو مفتی فیصل صاحب کے معاونین کی فہرست میں داخل کیا گیا ہے۔ حق تو یہ تھا کہ اس کتاب کی نسبت مفتی ذیشان صاحب کی طرف کی جاتی اور ٹائٹل پر انہی کا نام ہوتا لیکن محسوس یہ ہوتا ہے کہ مفتی فیصل صاحب نے اس تحقیقی پروجیکٹ کے سپر وائزر ہونے کا فائدہ حاصل کیا ہے۔ہمارے ہاں عام طور پراب تک صرف پروفیسر حضرات اس حوالے سے بدنام تھے کہ وہ یونیورسٹیوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا سے مختلف موضوعات پر اپنی زیر نگرانی میں اسائن منٹس لکھواتے ہیں اور بعد میں اپنی سپروائزری کا حصہ وصول کرنے کے لیے طلبا کی اس تحقیق کو اپنے نام سے شائع کر دیتے ہیں ۔ اب تو لگتا ہے دارالعلوموں کے مفتیوں نے بھی یہی کام شروع کر دیا ہے۔
Flag Counter