بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ فکر و نظر اسلام کا پیغام اور مسلم اُمہ کی حالت ِزار یوم عرفہ ۱۴۲۹ھ کو میدانِ عرفات میں ہونے والے خطبہ حج کا اُردو ترجمہ صعید ِمکہ معظمہ سے بلند ہونے والی یہ آواز ہر سال مسلم ممالک کے سیاسی مفادات اور سرکاری جکڑ بندیوں سے بالا تر ہوکر کلمہ اسلام کے نام پر ملت ِاسلامیہ کو مخاطب کرتی ہے۔ مسلمانوں کے عالمی اجتماع سے بلند ہونے والی یہ صدا اسلام کا ایک جامع نقشہ کھینچتے ہوئے مسلم اُمہ کو درپیش حالات پر ایک جامع تبصرہ پیش کرتی اور ان کی مشکلات کا ایسا حل سامنے لاتی ہے جو قرآن وسنت کی آیات واحادیث سے براہِ راست مُستنیر ہوتا ہے۔ معمولی سمجھ بوجھ رکھنے والا شخص بھی اس متبرک آواز میں خلوص کی چاشنی، مسائل کا درد، مشاہدے کی گیرائی وگہرائی اور اصلاحِ احوال کا بہترین حل محسوس کرسکتا ہے۔ اس خطبہ کا اوّلین حصہ عبادات کی ترغیب وتفصیل پر مشتمل ہوتا ہے جو کسی فردِ مسلم میں قوتِ ایمانی اور اللہ سے تقرب کا اَساسی ذریعہ ہیں ۔ اس کا دوسرا حصہ مسلمانوں کی اُخوت اورباہمی حقوق کی ترجمانی کرتا ہے جو مسلم معاشروں کی فلاح وصلاح کے ضامن ہیں ۔ اس کا آخری حصہ ملت ِ اسلامیہ کی صورتحال کے عمیق مشاہدے کے بعد اُنہیں دردِ دل سے قرآن وسنت کی طرف لوٹنے اور اِنہیں اپنے اصلاحِ حالات کا نسخۂ اکسیر بنانے کی رہنمائی دیتا ہے۔ بیت اللہ سے بلند ہونے والی اس صدا میں ہمیں اپنے معاشروں اور ممالک کو درپیش مسائل کی لطیف نشاندہی اور ان کا حل میسر آتا ہے اور ہر طبقہ زندگی کو مخاطب کرکے اُنہیں اسلامی ہدایات کو اپنانے اور اپنا روزمرہ معمول بنانے کی تلقین کی جاتی ہے۔ ہم اگر غور کریں تو اس خطبہ میں وطن عزیز پاکستان میں امن وامان کی صورتحال، بیرونی مداخلت اور مسلم معاشروں کو درپیش اباحیت اور ذ ہنی بے چینی وبے سکونی جیسے مسائل کا تذکرہ اور حل بھی موجود ہے۔ان مسائل کے حل میں جدید مفکرین کی طرح ترقی ومادّیت اور روشن خیالی کے جدید اُسلوب کے بجائے قرآنِ کریم کی روشنی میں ربّ اور اس کے احکامات(دین خالص) کی طرف لوٹنے کو ہی باعث ِفلاح قرار دیا جاتا ہے۔ خطبہ حج کو ہمیشہ سے مسلمانوں میں ایک قدر و منزلت حاصل رہی ہے اور مسلمان ایک خاص جذب واحترام سے اس خطبہ کو سنتے ہیں ۔الحمد للہ ادارئہ ’محدث‘ کے ذریعے ماضی کی طرح اس برس بھی اُردو میں ترجمہ ہوکر یہ خطبہ بہترین ممکن اُسلوب میں آپ کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے۔امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبد الرحمن السدیس اور بیت اللہ کے دیگر خطبات کی طرح حج کے یہ خطبات بھی اُردو زبان میں صرف ادارئہ محدث کو ہی اپنے قارئین کے سامنے پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔زیر نظر خطبہ کو حاصل کرنے اور ’ محدث‘ کے لئے خطاب سے تحریر میں منتقل کرنے کی سعادت جزائر کے ایک نوجوان سعد بن سالم کے حصے میں آئی ہے اور محدث کے معاون جناب کامران طاہر نے اس کا سلیس اُردو میں ترجمہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ حصہ اوّل کو بوجہ طوالت حذف کیا جارہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہماری ان دینی خدمات کو استمرار واستحکام نصیب فرمائیں ۔آمین! ح م |