تذکیر وموعظت مترجم: محمد اسلم صدیق آتش جہنم ذلت و رسوائی کاگھر ہے! انسان اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتے ہوئے اس بات کو بھول جاتا ہیں کہ اللہ تعالیٰ رحیم وکریم ہونے کے ساتھ سب سے بڑا عدل وانصاف کرنے والا اور اپنے وعدوں کو سب سے زیادہ پورا کرنے والا بھی ہے۔ چنانچہ وہ اپنے نافرمانوں اور اطاعت کرنے والوں کے ما بین بھی پورا پورا انصاف کرے گا اور حسب ِوعدہ بھلائی اور برائی کے ایک ایک ذرّے کا اللہ تعالی حساب لے گا اور اس کا بدلہ عطا کرے گا۔ اعما ل کی کوتاہی میں سرگرداں ہم لوگ اپنے آپ کو یہ کہہ کر تسلی دیتے رہتے ہیں کہ اللہ تعالی اپنے بندوں پر بڑا رحم دل اور مہربان ہے، اس کی صفت رحیم وغفور ہے لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ شديد العقاب سخت سزا دینے والا بھی ہے جس کی گرفت بڑی سخت ہے۔اسلامی ہدایات کے بموجب یوں تو لوگوں کو ترغیب اور خوشخبریاں ہی سنانا چاہئے لیکن اس کے ساتھ اسلام نے ترہیب ’ڈرانے ‘ کا بھی طریقہ اختیار کیا ہے، چنانچہ اگلے صفحات میں جہنم کی جن خصوصیات کا تذکرہ کیا گیا ہے، ان میں سے بیشتر قرآنِ کریم سے ہی ماخوذ ہیں۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ قرآن نے اپنے مبارک کلمات سے جس پاکیزہ معاشرے کو تشکیل دیا ہے، اس کی صورت گری میں بھی ترغیب کے ساتھ ترہیب کا اُسلوب موجود ہے۔ مسلمانوں میں اکثر وبیشتر لوگ اس زعم میں مبتلا ہیں کہ شرک نہ کرنے والا یا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والا جنت کا حق دار ہے لیکن یہ غلط فہمی ہے۔ اوّل تو نارِ جہنم سے ہر انسان چاہے نبی ہو یا ولی سب کو گزرنا ہے، پھر جس طرح جنت کے ہزاروں مراتب ہیں، اس طرح جہنم کے بھی کئی درجے ہیں۔ ہر انسان اپنے برے اعمال کا بدلہ پا نے کے لئے جس وقت آتش جہنم کا سامنا کرے گا تو اس کو ملنے والا عذاب اس قدر دہشت ناک اور خوفناک ہوگا جس کو لمحہ بھر کے لئے بھی سوچنا انسان گوارا نہیں کرسکتا…!! آئیے! دارِ بقا کے ان مناظر کا آج سامنا کریں جہاں دائمی زندگی ہماری منتظر ہے، اس عارضی امتحان گاہ کو پس پشت ڈا ل کر جزا وسزا اور جنت وجہنم کے نکتہ نظر سے اپنی زندگی کی تشکیل نو کریں جن کے بارے میں رسالت مآب کے فرامین اور قرآنِ کریم کے اوراق بھرے پڑے ہیں۔اس مصروف زندگی میں ہم چند لمحے نکال کر اس زندگی کے بارے میں بھی سوچیں جس کا وعدہ صادق ومصدوق صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دیا ہے۔ عرب ممالک کے سفروں کے دوران ایسے ہی موضوعات پر بعض کتابچے صفة الناراور كسب الثواب کے نام سے میر ی نظر سے گزرے جن کے ترجمہ کی ذمہ داری میں نے مجلس التحقیق الاسلامی کے مترجم جناب اسلم صدیق کے ذمے لگائی جن میں سے جہنم کے بارے میں کتابچہ ہدیہٴ قارئین ہے۔ (حسن مدنی) |