دیکھ رہا ہے۔کسی نے سچ کہا تھا:رَمتْنی بدائها فانسلّتکه ”اپنا عیب دوسروں کے سر تھوپا اور خود کھسک گیا“ امریکہ او راس کے گماشتے خود انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں اور خود ہی اس کے محافظ بنے بیٹھے ہیں آج ساری دنیا یہ طرفہ تماشا دیکھ رہی ہے اور اب مغرب کا دوہرا معیار اور منافقانہ پالیسیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ۔(حقوق الانسان والسياسة الدولية، ڈیوڈ بی فورسایث:تعریب محمد مصطفی غنیم) اسلام؛ حقوقِ انسان اور غلامی آج مغرب اپنی کج فہمی اور کوتاہ بینی کی وجہ سے جس مسئلہ پر اسلام کو سب سے زیادہ مطعون ٹھہرا رہا ہے او راسلام کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کررہا ہے،وہ مسئلہ غلامی ہے ۔ مغرب کا اس مسئلہ کو اچھالنا دراصل اسلامی احکام کی غلط تفہیم کا نتیجہ ہے۔ ہم تو کہتے ہیں کہ غلامی کے بارے میں جو نقطہ نظر اسلام نے دیا ہے وہ اس کے کامل و برتر، روشن خیال، بلندظرف ہونے کی بڑی واضح دلیل ہے اور اسلام میں غلامی کا جو تصور اس کا دشمن (مغرب) پیش کررہا ہے، وہ سراسر غلط اوربے بنیاد ہے۔ یہ قرآنِ مجید کا اعجاز ہے کہ ربّ العالمین نے اس میں اسلام کے قانونِ غلامی کونہایت تفصیل اور وضاحت سے بیان کردیا ہے : ﴿يَقُصُّ الْحَقَّ وَهُوَ خَيْرُ الِفَاصِلِيْنَ ﴾(الانعام:۵۷)’’وہی (اللہ) حق کو بیان کرتاہے اور وہی سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔“ پھر وہ حقوق کسی مفسر کے استنباط کانتیجہ نہیں بلکہ صریحاً وہ حقوق موجود ہیں جن کا تحفظ مطلوب ہے۔ پھر اسلام کا قانونِ غلامی، عدل و انصاف کا ایسا نمونہ ہے جس میں عدل کی وسعت درجہ کمال کو پہنچی ہوئی ہے ۔ اس سے بڑھ کر کیا انصاف ہوگا کہ اسلام جہاں غلام کویہ حکم دیتا ہے کہ وہ اپنے آقا کے حقوق پورے کرے، وہاں آقا کوبھی یہ حکم دیتا ہے کہ وہ اپنے غلام کے حقوق پورے کرے اور اسے خبردار کرتا ہے کہ روزِقیامت تجھے اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔ اصولاً اور عملاً اسلام کا قانونِ غلامی وہ واحد قانون ہے جس نے نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کا جامع تصور دیا بلکہ وہ شخصی اغراض اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شروع دن سے ان حقوق کا محافظ اور علمبردار بھی ہے اور اس نے غلام اور آقا کے درمیان مساوات ،یکسانیت اور باہمی رحم دلی اور ہمدردی کا ایسا تعلق پیدا کردیا ہے جس سے عظمت ِاسلام کی ایسی دلکش اور خوبصورت تصویر صاف جھلکتی دکھائی دیتی ہے جو دھوکہ ، فراڈ، مبالغہ اور لوگوں کے لئے ملمع ساز ی سے یکسر پاک ہے۔اس کے برعکس مغرب کا انسانی حقوق کا نعرہ سراسر، فراڈ، دھوکہ اور صریح ڈھونگ ہے جو اسلام اور مسلمانوں کو کچلنے کیلئے رچایا گیا ہے |