تحقیق وتنقید مولانا عبد الرحمن مئوی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ و مولانا ابوالقاسم قدسی رحمۃ اللہ علیہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے نکاح اور رخصتی کی عمر اسلام سیاسی، مذہبی، ملکی، تاریخی ہر قسم کی جملہ خوبیوں کا حامل دینہے۔ اس میں جہاں تہذیب اور تزکیہٴ نفس کی تعلیم دی گئی ہے، وہاں گذشتہ اَقوام و ملل کے حالات و واقعات بھی بتلائے گئے ہیں ۔ جس طرح قرآن و حدیث میں اَمثال و عبر اور بصائر و حکم ذکر کئے گئے ہیں ، اسی طرح اُمم سابقہ کے اَخبار وقصص بھی جا بجا بیان کئے گئے ہیں ۔ اوریہی وجہ ہے کہ اسلام میں مذہبی اَسفار و کتب کے علاوہ تواریخ وسیر میں بھی بے شمار کتابیں علماءِ اسلام کی لکھی ہوئی موجود ہیں ۔ کیونکہ مذہبی حیثیت سے انہیں ان جملہ علوم کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔جس طرح ا ن کے پاس مذہبی اَحکام و مسائل کا ایک نہایت اہم او رجامع مجموعہ ہے، اسی طرح تاریخی معلومات کا بھی اہم ذخیرہ ان کے پاس موجود ہے۔ چنانچہ وہ مغربی اَقوام جنہیں آج اپنے علم و فضل اور تاریخ دانی پر بڑا ناز ہے، انہوں نے صاف لفظوں میں اس امرکا اعتراف کیا ہے کہ اہل اسلام نے اپنے مذہب کے ماتحت اس فن میں جو کمال دکھایا ہے اور اپنے بزرگوں کی تاریخ کاجس قدر عظیم الشان ذخیرہ جمع کیاہے وہ تمام دنیا کیلئے قابل حیرانگی ہے۔ ائمہ اسلام کو اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے کہ ان بزرگوں نے نہ صرف قرآن و حدیث کے جمع وتدوین اور اس کی تالیف و تصنیف تک اپنی مساعی جمیلہ کو پھیلایابلکہ تین سو برس تک کے ہزاروں لاکھوں امامانِ دین اور حاملانِ شریعت کے ہر ہر واقعہ کو قلمبند کردیا۔ اور ولادت سے وفات تک ان کے واقعات کو مع تاریخ و سال کتابی صورت میں جمع کر دیا۔ جس قوم کا مذہبی اور تاریخی معیار اس قدر بلند اور ہمہ گیر ہو کہ اس نے اپنی جماعت کے حالات وواقعات کے جمع و ترتیب میں اس قدر سعی بلیغ کی ہو اور تفتیش و تحقیق میں کسی قسم کا تغافل نہ برتا ہو، کیا اس کے لئے یہ ممکن ہے کہ اُمّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا جیسی مقدس اور محترم ہستی کی نسبت اس قسم کا تغافل برتیکہ بجائے ۱۶ برس کے آپ رضی اللہ عنہ کے نکاح کی عمر کو ۶برس اور آپ رضی اللہ عنہ کی رخصتی کی عمر کو ۱۹/ برس کے بجائے صرف ۹ برس لکھ دے۔ اور پھر چودہ صدیوں کے تمام مسلمان ایک خلافِ واقعہ امر کو آنکھ بند کئے مانتے چلے آئے ہوں ۔ اور اسی طرح اس چودھویں صدی میں اس کا انکشاف ہواکہ آپ رضی اللہ عنہ کے نکاح کی صحیح تاریخ ۱۶/ برس اور رخصتی ۱۹/ برس ہے۔ |