ترکیب قرآن کی اہمیت و افادیت اہل علم سے مخفی نہیں کیونکہ ترکیب سے کلامات قرآنیہ کا باہمی ربط و تعلق واضح ہوتا ہے جو قرآن کریم کے مفہوم کو سمجھنے کے لیے از بس ضروری ہے۔زیر نظر رسالہ اس موضوع سے تعلق رکھتا ہے جسے استاذ محترم مولانا محمد یحییٰ فیروز پوری نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے عربی زبان میں ترتیب دیا ہے۔ مولانا محترم اپنی پیرانہ سالی کے باوجود مدرسہ دارالہدی کا انتظام و انصرام سنبھالے ہوئے ہیں جہاں ماہ شعبان رمضان کی تعطیلات میں دورہ صرف و نحو کرایا جاتا ہے جو خاص شہرت کا حامل ہے جس میں بڑے بڑے جید علماء اور تشنگان علم شرکت کرتے ہیں ان گنتی کے ایام میں قرآن کریم کے دوپاروں کی ترکیب کے علاوہ زرادی اور نحو میر سبقاً سبقاً پڑھائی جاتی ہے نیز قواعد کی تعلیم اور ان کے اجر ء کی طرف خاص توجہ دی جاتی ہے۔ مذکورہ سالہ بھی انہیں ایام کی محنت و کاوش کا نتیجہ ہے۔ انداز بیان بڑا آسان اور زود فہم ہے آغاز مولانا محمد رفیق اثری حفظہ اللہ نے اپنی تقریظ میں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے کاش کہ شروع میں اس کا تعارف بھی لکھ دیا جاتا تاہم امید ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں اس کمی کو پورا کرایا جائے گا۔ ہم قارئین سے اس کے مطالعہ کی سفارش کرتے ہیں جو مدر سین اور باذوق طلباء کے لیے کار آمد اور منفعت بخش ثابت ہوگا ۔ان شا ء اللہ ۔۔۔نیز ہم امید رکھتے ہیں کہ باقی اجزا بھی جلد ہی زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منصہ شہود جلوہ گر ہوں گے۔[1]اللہ تعالیٰ مؤلف کو توفیق مزید سے نوازے اور ان کےعلم و عمل میں برکت فرمائے۔آمین! (مبصر: ابو محمد عبد الستار حماد ماموں کانجن ) |