(مبصر: عبد الرشید عراقی) 4۔رسول کا ئنات صلی اللہ علیہ وسلم مصنف:پروفیسر حکیم عنایت اللہ نسیم سوہدروی مرتب و مدون: حکیم راحت نسیم سوہدروی ناشر: نذیر سنزپبلشرز40/اے اردو بازار لاہور صفحات :340۔ سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ایک عظیم موضوع ہے وسعت کے اعتبار سے بحر بیکراں ہے۔ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النیین تھے اور آپ سے پہلے ہر زمانہ اور ملک میں اللہ تعالیٰ کے پیغمبر اور فرستادے آئے کہ وہ اپنی اپنی قوموں کے سامنے اپنی زندگی کے نمونے پیش کریں تاکہ ان کی پوری قوم یا اس کے نیک افراد فلاح اور کامیابی حاصل کریں اور آخر میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت عالم بناکر بھیجا گیا تاکہ وہ تمام عالم کے لیے دنیا میں اپنی زندگی کا نمونہ ہمیشہ کے لیے چھوڑ جائیں ۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے قرآن مجید نے یہ اعلان کیا۔ ﴿ فَقَدْ لَبِثْتُ فِيكُمْ عُمُرًا مِّن قَبْلِهِ ۚ أَفَلَا تَعْقِلُونَ﴾ "میں اس (دعویٰ نبوت سے) پہلے تمھارے درمیان ایک عمر رہا ہوں ۔کیا تم نہیں سمجھتے " اس آیت میں درحقیقت وحی الٰہی نے خود اپنے پیغمبر کی سوانح عمری اور سیرت کو اس کی نبوت کے ثبوت میں پیش کیا ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر سب سے قدیم مآخذ سیرت ابن ہشام 218ھ محمد بن اسحٰق (230ھ) کی طبقات ابن سعد امام محمد بن جریری طبری (م310ھ) کی تاریخ سالرسل والملوک (تاریخ طبری) اور امام محمد بن اسمٰعیل بخاری (م256ھ)کی تاریخ کبیر اور تاریخ صغیر ہیں ۔برصغیر (پاک و ہند) میں سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر بے شمار کتابیں اپنے اپنے رنگ میں علماء کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین نے ترتیب دیں ۔مگر جن کتابوں نے اہل علم میں ایک خاص مقام حاصل کیا اور جن میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے ان میں مولانا قاضی محمد سلیمان منصور پوری کی رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم مولانا شبلی نعمانی اور مولانا سید سلیمان ندوی کی سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم مولانا محمد ابرا ہیم میر سیالکوٹی کی سرۃ المصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم مولانا محمد ادریس کا ندھلوی کی سیرۃ المصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اور مولانا سید ابو الحسن علی ندوی کی نبی صلی اللہ علیہ وسلم رحمت خاص طور پر مشہور ہیں ۔ ان کے علاوہ سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک نئے انداز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ اور آپ کے کارناموں کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ان میں مولانا ابو الکلام آزاد کی رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم مولانا سید ابو الاعلی مودودی کی سرور دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نعیم صدیقی کی محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم مولانا صفی الر حمٰن مباکپوری کی الرحیق المختوم مولانا مناظر احسن گیلانی کی النبی الخاتم اور مولانا خالد علوی کی انسان کا مل صلی اللہ علیہ وسلم لائق تحسین ہیں ۔ علماء کرام نے سیرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف موضوع پر خطبات کی صورت میں بھی کتابیں مرتب فرمائیں اور اس سلسلہ میں جو کتابیں مرتب ہوئیں ۔ان میں مو لانا سید سلیمان ندوی کے خطبات مدارس اور ڈاکٹرمحمد آصف قدروائی کے خطبات سیرت بہت عمدہ اور نفیس کتابیں ہیں ۔ مو لاناعبد المجید خادم سوہدروی مرحوم نے ایک کتاب بصورت خطبات "رہبر کامل" سے مرتب کر کے شائع کی۔ پروفیسر حکیم عنایت اللہ سوہدروی مرحوم برصغیر (پاک و ہند ) کے ممتاز ادیب دانشور اور طیب حاذق تھے حکیم صاحب مرحوم جامع الکمالات تھے۔قدرت کی طرف سے اچھا دل اور دماغ لے کر پیدا ہوئے تھے۔ |