Maktaba Wahhabi

3 - 46
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ فکر و نظر دیارِ غیر میں مُلکی سالمیّت اور ملّی عافیّت کی تلاش اَیَبْتَغُوْنَ عِنْدَھُمُ الْعِزَّۃَ جبیں پہ گردرہ عشق لب پہ مہرِ سکوت دیارِ غیر میں پھرتا ہوں آشنا کے لئے صدرِ پاکستان مسٹر بھٹو ۲۸/ جون کو تقریباً گیارہ بجے قبل وپہر لاہور سے چندی گڑھ، پھر وہاں سے ’’پاک بھارت سربراہی کانفرنس‘‘ میں شمولیت کے لئے ۸۷ افراد کی ٹیم کے ہمراہ شملہ پہنچے جہاں موصوف کا استقبال نہ صرف نہایت سرد مہری سے کیا گیا بلکہ فاتحانہ خمار کے ساتھ، کم ظرف ہندو نے اپنی کم ظرفی کی نمائش بھی ضروری سمجھی۔ ۲۸/ جون کی شام کو مذاکرات شروع ہوئے اور ۲/ جولائی ۱۹۷۲ء رات کو الوداعی ملاقات میں اچانک اور بالکل ڈرامائی انداز میں ’’سمجھوتہ‘‘ طے پا گیا۔ معاہدے کے اہم نکات اور واقعات یہ ہیں : ٭ بھارتی اور پاکستانی فوجیں بین الاقوامی سرحدوں تک پیچھے ہٹا لی جائیں گی۔ ٭ جموں و کشمیر میں ۱۷ دسمبر ۱۹۷۱ء کی جنگ بندی کے نتیجہ میں جو کنٹرول لائن قائم ہوئی اس کا دونوں حکومتیں احترام کریں گی اور اس سے ان دونوں کی تسلیم شدہ پوزیشن متاثر نہیں ہو گی۔ ٭ دونوں حکومتوں نے یہ اقرار بھی کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جنگ بندی لائن کی خلاف ورزی کے لئے طاقت کے استعمال کی دھمکی سے گریز کریں گی۔ ٭ بین الاقوامی سرحدوں سے فوجوں کی واپسی معاہدے کی توثیق کے بعد ہو گی جو اس معاہدے پر دستخط کے تیس روز کے اندر اندر ضروری ہے۔ ٭ دریں اثنا دونوں ملکوں کے نمائندے آپس میں ملاقات کریں گے تاکہ جنگی قیدیوں اور شہری نظر بندوں کی واپسی، دیرپا امن کے قیام، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے، جموں و کشمیر کے سمجھوتے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کی کوشش کریں ۔ ٭ دونوں ملکوں کے سربراہ باہمی طے شدہ تاریخ پر ملاقات کریں گے۔
Flag Counter