تعارف و تبصرۂ کتب خواجہ عبد المنان رازؔ نام کتاب: فضائل ابی بکر رضی اللہ عنہ جنتی بزبان مولا علی رضی اللہ عنہ جنتی مرتب: مولانا عبد الرشید حنیف ناشر: مکتبہ زبیریہ جھنگ صدر مسلمانوں کی تاریخ کا وہ انتہائی سیاہ دن تھا جب کسی کلمہ گو نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی (بزعم خود) عقیدت میں کھو کر حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ ، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو اپنی تنقید کا ہدف بنایا اور وہ روز بھی تاریخ اسلامی کا یقیناً تاریک ترین ہے جب کسی دوسرے کلمہ گو نے حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ ، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی محبت میں سرشار ہو کر حضرت علی رضی اللہ عنہ کی تذلیل کی کوشش کی ہو گی۔ امتِ محمدیہ کا یہ اندازِ فکر اور اختلاف اتنا کرب ناک اور المناک ہے کہ اس سلسلہ میں دونوں محاذوں سے الفاظ کے جو زہریلے تیر چلائے گئے ہیں ان کا تصور کر کے ہی کلیجہ منہ کو آتا ہے اور سر ندامت سے جھک جاتا ہے۔ان چاروں بزرگانِ عظام (جن سے دو کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا سسر اور دو کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا داماد ہونے کا شرف حاصل ہے) کو ایسی ایسی غلیظ گالیاں دی گئیں اور ان پر ایسے ایسے بہتان و الزامات تراشے گئے کہ حیرانگی ہوتی ہے کہ یہ سب کچھ سن پڑھ کر ہمارے دماغ کی رگیں کیوں نہیں پھٹ گئیں ۔ یارانِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام اتنا اعلیٰ اور ارفع ہے کہ خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے کہ: ’’میں علم کا شہر ہوں ، ابو بکر رضی اللہ عنہ اس شہر کی بنیاد ہیں ، عمر رضی اللہ عنہ اس کی دیوار ہیں ، عثمان رضی اللہ عنہ اس کی چھت ہیں اور علی رضی اللہ عنہ اس کا دروازہ ہیں ۔‘‘ [1] |