اور وہ بارہ ہزار احادیث پر مشتمل ہے۔‘‘
جس سے معلوم ہوتا ہے کہ امام مسلم نے پندرہ سال کی مدت میں ’’المسند الصحیح‘‘ کو مرتب کیا ہے۔
شیخ ابو غدہ اور دیگر حضرات نے فرمایا ہے کہ امام مسلم رحمہ اللہ نے ’’المسند الصحیح‘‘ کا کام ۲۵۰ھ میں مکمل کیا تھا، جیسا کہ حافظ احمد بن سلمۃ سے حافظ عراقی نے ’’التقیید والایضاح‘‘ (۲/۲۳۶) میں ذکر کیا ہے۔[1]
مگر یہ بات محل تامل ہے، دراصل بات یہ ہے کہ حافظ عراقی نے علامہ مغلطائی کے علامہ ابن الصلاح پر ایک اعتراض کے ضمن میں یہ بات فرمائی ہے، علامہ ابن الصلاح نے فرمایا تھا سب سے پہلے صحیح احادیث کو امام بخاری نے، پھر امام مسلم نے جمع کیا ہے۔ اس پر علامہ مغلطائی سے جو اعتراض نقل کیا، اس کے الفاط ہیں:
’’اعترض علیہ بقول أبي الفضل أحمد بن سلمۃ کنت مع مسلم بن الحجاج في تالیف ھذا الکتاب سنۃ خمس ومأتین‘‘
’’اس پر ابو الفضل احمد بن سلمۃ کے قول سے اعتراض کیا گیا ہے کہ میں اس کتاب کی تالیف میں مسلم بن حجاج کے ساتھ ۲۰۵ھ میں تھا۔‘‘
حافظ عراقی اسی پر فرماتے ہیں:
’’اسی طرح میں نے ابن الصلاح پر اعتراض کرنے والے کے خط سے ’’سنۃ خمس‘‘ دیکھا ہے اور اس سے معترض کا مقصد یہ ہے کہ امام مسلم کی کتاب پہلے کی ہے یہ امام بخاری کی کتاب کے بعد نہیں، مگر معترض سے تاریخ نقل کرنے میں تحریف و تصحیف ہوئی ہے۔ یہ تاریخ
|