اپنے گھر پر تشریف لانے والے حضرات کو پرتکلف کھانا کھلاتے، کھانا اپنے ہاتھ سے تقسیم کرتے اور کھانے کے بعد سبھی اپنی اپنی راہ لیتے۔
اسی پروگرام کو مزید پختہ کرنے کے لیے انھوں نے علمائے کرام کا مشاورتی پروگرام بنایا، چنانچہ اسی حوالے سے ان کا مکتوبِ گرامی ملاحظہ فرمائیں جو انھوں نے مولانا ڈاکٹر سعید احمد صاحب چنیوٹی کو لکھا تھا، مولانا چنیوٹی ان ایام میں جامعہ علمیہ سرگودھا میں شعبۂ تدریس سنبھالے ہوئے تھے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
محترم المقام جناب مولانا صاحب زید مجدہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
خیریت طرفین احسن مطلوب / بعد المرام آنکہ عرصہ دراز سے بندہ کے دل میں یہ خیال پیدا ہوتا رہا کہ حضرات مبلغین کی نئی پود کے لیے تبلیغی، اصلاحی و مناظرانہ تربیت کا کوئی معقول انتظام کیا جائے۔ مگر بوجہ علالت یہ بندہ کچھ نہ کر پایا۔ حصولِ صحت کے بعد اب خیال ہے کہ اس اہم کارِ خیر کا آغاز کیا جائے۔
پیشتر ازیں کہ اس سلسلہ میں کوئی اقدام کیا جائے، ایک خاص مجلسِ مشاورت کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں آپ کی شرکت نہایت لازمی ہے۔ لہٰذا آپ مورخہ ۴ دسمبر بروز جمعرات ۱۲ بجے دن کے جامع مسجد اہلِ حدیث مدن پورہ میں تشریف لا کر شکریہ کا موقع دیں۔
والسلام
حضرت شیخ الحدیث و میاں صاحبان وغیرہ کی خدمت میں سلام مسنون
|