محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہمیں ہمارے ارواح و انفس سے عزیز تر کر دے۔‘‘ آمین
سارا رسالہ اسی طرح کے جذبات اور مفید معلومات پر مشتمل ہے۔ یہ شرح دار رمادی (دمام) سے ۱۴۱۵ھ میں شیخ حکمت بن احمد الحریری کی تحقیق سے شائع ہو گئی ہے۔ دوبارہ دار المعانی اردن سے ۱۴۱۹ھ میں بھی یہ چھپی ہے۔
8 مختصر الزواجر عن اقتراف الکبائر:
’’الزواجر‘‘ علامہ ابن حجر المکی رحمہ اللہ کی ۹۷۴ھ کی معروف تصنیف ہے، جس میں کبیرہ گناہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تذکیر و ترہیب کے لیے بڑی عمدہ کتاب ہے۔ اس موضوع پر علامہ ذہبی رحمہ اللہ کی کتاب ’’الکبائر‘‘ بھی مطبوع ہے۔ متداول اور معروف ہے مگر علامہ ذہبی کی طرف اس کا انتساب محلِ نظر ہے۔ البتہ الاستاذ محی الدین مستو اور بعد میں شیخ ابو عبیدۃ مشہور حفظہ اللہ کی تحقیق سے جو نسخہ طبع ہوا ہے وہ صحیح ہے اور علامہ ذہبی کی تصنیف ہے۔
’’الزواجر‘‘ مصر سے دو جلدوں میں طبع ہو چکی ہے، مگر کم یاب ہے۔ اس کا ایک قلمی نسخہ اسلامیہ کالج پشاور لائبریری میں محفوظ ہے، جو (۹۸۴ھ) کا مکتوبہ ہے۔ گویا مصنف کے انتقال سے گیارہ سال بعد کا یہ نسخہ ہے جس پر نامور علمائے کرام کے دستخط ہیں۔ اسی ’’الزواجر‘‘ کا اختصار علامہ سندھی رحمہ اللہ نے کیا ہے۔ اسماعیل پاشا نے ’’ہدیۃ العارفین‘‘ (۲؍۳۲۷) میں اس کا ذکر کیا ہے اور ’’إیضاح المکنون‘‘ (۱/۴۱۷) میں بھی اس کا ذکر ملتا ہے۔ اس کے قلمی نسخے الجزائر اور مکتبہ الحرم المکی میں ہیں۔
الزواجر کا اردو ترجمہ ’’قوارع الإیمان عن اتباع خطوات الشیطان‘‘ کے نام سے حضرت مولانا سید جمیل احمد سہسوانی رحمہ اللہ نے کیا تھا۔ جو حضرت نواب صاحب رحمہ اللہ کے مصارف سے ۱۳۰۴ھ میں مطبع مفید عام آگرہ سے طبع ہو چکا ہے۔
|