Maktaba Wahhabi

52 - 86
-و- رزق طلب کرنے کے لیے دعائیں کائنات کے خزانوں اور ان کی چابیوں کے تنہا مالک، پوری مخلوق کے وحدہٗ لا شریک رزّاق اور اپنی مشیئت سے بلا شرکت غیرے مخلوق کے رزق میں وسعت اور تنگی کا اختیار رکھنے والے رب ذوالجلال نے اپنے بندوں کو دعا کی شکل میں بہترین، نہایت زور دار، موثر اور مفید ہتھیار عطا فرمایا ہے، کہ وہ اس کے ذریعے اپنی حاجات پوری کروائیں اور ناپسندیدہ چیزوں اور باتوں سے محفوظ ہو جائیں۔ انبیائے سابقین علیہم السلام ہمیشہ سے اس ہتھیار سے فیض یاب ہوتے اور طلبِ رزق کے لیے اُسے استعمال کرتے رہے ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقۂ مبارکہ بھی یہی تھا۔ اس مقام پر توفیقِ الٰہی سے حضراتِ انبیاء علیہم السلام اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قرآن و سنت سے ثابت شدہ چھبیس (۲۶) دعائیں پیش کی جا رہی ہیں: ا: ابراہیم علیہ السلام کی اولاد کے رزق کے لیے تین دعائیں: ۱-۱: ربِّ کریم نے اُن کی ایک دعا کو درجِ ذیل الفاظ کے ساتھ میں بیان فرمایا: {فَاجْعَلْ أَفْئِدَۃً مِّنَ النَّاسِ تَہْوِیْٓ إِلَیْہِمْ وَ ارْزُقْہُمْ مِّنَ الثَّمَرٰتِ لَعَلَّہُمْ یَشْکُرُوْنَ}[1] [پس آپ لوگوں کے دلوں کو اُن کی طرف مائل فرما دیجئے اور انہیں پھلوں کا رزق عطا فرمائیے، تاکہ وہ شکر کریں]۔
Flag Counter