4 اگست 1914ء کو پہلی عالمگیر جنگ کا شرارہ وسط یورپ میں چمکا اور دیکھتے ہی دیکھتے تمام مغربی ممالک اس کی لپیٹ میں آ گئے۔ اس لڑائی کی فوری وجہ یہ ہوئی کہ آسٹریا کا ولی عہد 21 مئی 1914ء کو سرویا میں مارا گیا۔ آسٹریا نے سرویا کو کڑی شرائط پیش کیں جنہیں سرویا نے پورا کرنے سے انکار کر دیا۔ اس پر آسٹریا نے سرویا کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا۔ روس نے سرویا کا ساتھ دیا اور جرمنی نے فرانس پر حملہ کرنے کی غرض سے اپنی فوجیں بلجیم میں سے گزارنا چاہیں، بلجیم نے جرمنی کی فوجوں کو راستہ دینے سے انکار کر دیا۔ جرمنی نے بلجیم پر حملہ کر دیا۔ برطانیہ نے بلجیم کی حمایت میں اپنی فوجیں فرانس بھیج دیں، اس طرح یورپ میں عالمگیر جنگ چھڑ گئی۔ اس جنگ میں جرمنی، آسٹریا، ہنگری، بلغاریہ اور ٹرکی ایک طرف تھے اور دوسری طرف روس، فرانس، بلجیم، برطانیہ، اٹلی، رومانیہ، سرویا، پرتگال، یونان اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ تھے۔ جرمنی کے پاس سامانِ جنگ کافی مقدار میں تھا۔ 1917ء تک اس کا اور اس کے حلیفوں کا پلہ بھاری رہا۔ سرویا، بلجیم اور رومانیہ پر جرمن فوجوں کا قبضہ ہو گیا۔ فرانس کے مشرقی حصے اور اٹلی کے شمال مشرقی حصے بھی جرمن فوجوں نے فتح کر لیے۔ روس میں انقلاب ہو گیا۔ روس کی نئی گورنمنٹ نے جرمنی کے ساتھ صلح کر لی اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جرمن فوجیں فرانس پر قابض ہو جائیں گی، مگر 1917ء |