Maktaba Wahhabi

24 - 140
مصاحف عثمانیہ کی کیفیت مصاحف عثمانیہ لوح محفوظ میں مکتوب ترتیب کے مطابق لکھے گئے ہیں۔ کیو نکہ سیدنا جبرئیل علیہ السلام نبی کریم کو ہر آیت کے نزول کے وقت اس کے مقام کی بھی نشاندہی کردیا کرتے تھے کہ اس آیت کو فلاں فلاں سورۃ میں فلاں فلاں جگہ پر رکھو۔ مصاحف کی کتابت (رسم) نقطوں اور اعراب سے خالی تھی۔ اور حذف و اثبات اور فصل و وصل کے اعتبار سے متفاوت تھی۔ تاکہ اس رسم سے صحیح منقول قراء ات پڑھی جاسکیں۔ کیونکہ نقل قرآن مجید میں مجرد خط پر اعتماد نہیں کیا جاتا بلکہ اس میں حافظہ بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ ان مصاحف کے سبعہ احرف یا فقط لغت قریش پر لکھے جانے کے بارے میں اہل علم کا اختلاف ہے۔ جمہور سلف و خلف کے نزدیک مصاحف عثمانیہ کی کتابت ان حروف سبعہ پر مشتمل تھی، جن کا رسم احتمال رکھتا تھا۔ نیز وہ کتابت عرضہ أخیرہ کو جامع تھی اور عرضہ أخیرہ میں سے کوئی حرف بھی نہ چھوڑ اگیا تھا۔ امام ابن الجزری رحمہ اللہ نے بھی النشر میں اسی قول کو درستگی کے زیادہ قریب قرار دیا ہے۔ کیونکہ احادیث صحیحہ اور آثار مشہورہ اس پر دلالت کرتے ہیں۔
Flag Counter