عرض ناشر
ہمارا محبوب و مکرم پروردگار تو قادر مطلق ہے۔ فعال لما یرید ہے۔اس نے تو زمان و مکان خود پیدا فرمائے ہیں، اس لیے زمانے کی تقسیم اس ذات پاک کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ جس عظمت مآب ہستی کو نہ نیند آتی ہے نہ اُونگھ، اس کے سامنے ماضی کے اوراق بھی کھلے پڑے ہیں۔ اس پرحال کا لمحۂ موجود بھی عیاں ہے اوراس کی نگران نگاہ سے مستقبل کی کوئی خفیف ترین لرزش بھی اوجھل نہیں۔ اس کے لیے ازل سے ابد تک کا سارا زمانہ غیر منقطع طورپر ایک مسلسل حال ہے۔ یہ تو محض اُس ذاتِ عالی کا لطف وکرم ہے کہ اس نے انسان کی سہولت کے لیے زمانے کوماضی، حال اور مستقبل کے خانوں میں بانٹ دیا۔ سال بھر کے بارہ مہینے بنادیے، ان میں سے چار مہینے ایام حرمت ٹھہرائے۔ پھر مختلف ایام اور جداگانہ اوقات کے لیے بہت آسان اور بابرکت اعمال کا پروگرام مرتب فرمادیا۔
اب مختلف مہینوں اور دنوں کے اوقات کا ایک عملی اور اطلاقی پروگرام تو وہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے بنایا اور جس کی تشریح ہمارے رہبر اعظم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے کردی اور دوسرا پروگرام، اُن بدعات اور رسوم و رواج کا ہے جو لوگوں نے از خود گھڑ لیے۔ اس کتاب کی امتیازی خوبی یہی ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے احکام، مسنون آداب اور ان کے فضائل و برکات اچھی طرح واضح کیے گئے ہیں اور بدعات و خرافات اور جاہلانہ
|