Maktaba Wahhabi

286 - 315
مزید فرمایا: ﴿أَوَلَيْسَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِقَادِرٍ عَلَى أَنْ يَخْلُقَ مِثْلَهُمْ بَلَى وَهُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِيمُ (81) إِنَّمَا أَمْرُهُ إِذَا أَرَادَ شَيْئًا أَنْ يَقُولَ لَهُ كُنْ فَيَكُونُ ﴾ ’’بھلا جس نے آسمانوں اورزمین کو پیدا کیا،کیا وہ اس بات پر قادر نہیں کہ (ان کو پھر) ویسے ہی پیدا کردے؟ کیوں نہیں!وہ تو بڑا پیدا کرنے والا (اور) علم والا ہے۔اس کی شان یہ ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے فرما دیتا ہے: ہوجا!تو وہ ہوجاتی ہے۔‘‘[1] 3 ہرشخص یہ مشاہدہ کرتا ہے کہ زمین بنجر اور مردہ ہوچکی ہوتی ہے لیکن جب اس پر بارش برستی ہے تو سر سبز و شاداب ہوجاتی ہے اور بنجر اور مردہ زمین میں پھر سے نباتات اگنے لگتی ہیں۔جو ذات مردہ زمین کو دوبارہ زندہ کرنے پر قادر ہے، وہ مردہ انسانوں کو بھی دوبارہ زندہ کر کے اٹھانے پر پوری طرح قادر ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمِنْ آيَاتِهِ أَنَّكَ تَرَى الْأَرْضَ خَاشِعَةً فَإِذَا أَنْزَلْنَا عَلَيْهَا الْمَاءَ اهْتَزَّتْ وَرَبَتْ إِنَّ الَّذِي أَحْيَاهَا لَمُحْيِ الْمَوْتَى إِنَّهُ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ ﴾ ’’اور (اے بندے!) اس کی (قدرت کی) نشانیوں میں سے ہے کہ تو زمین کو دبی ہوئی (خشک اور بنجر) دیکھتا ہے، پھر جب ہم اس پر پانی برسا دیتے ہیں تو شاداب ہوجاتی ہے اور پھوٹنے لگتی ہے۔بلاشبہ وہ اللہ جس نے زمین کو زندہ کیا وہی مردوں کو زندہ کرنے والا ہے۔بے شک وہ ہرچیز پرخوب قادر ہے۔‘‘[2] ٭ بعث (دوبارہ زندہ کیے جانے) کے امکان کا حسی اور واقعاتی طور پر مشاہدہ بھی کیا جا چکا ہے اور اللہ تعالیٰ نے مردوں کو دوبارہ زندہ کردینے کے کئی واقعات بیان فرمائے ہیں۔سورۂ بقرہ میں اس سلسلے میں پانچ واقعات بیان کیے گئے ہیں جن میں سے بطور مثال ایک واقعہ حسب ذیل ہے۔
Flag Counter