جب دنیا میں یہ ہوسکتا ہے تو آخرت کے معاملات میں کیوں نہیں ہوسکتا جن کو اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی نہیں جانتا؟ ایسے ہی مردوں کو سمجھ لیجئے کہ ان میں سے ایک دوسرے کے قریب ہوتا ہے لیکن وہ ایک دوسرے کی نعمتوں اور عذاب کو محسوس نہیں کرتے۔ بلکہ ہر ایک کو صرف اپنی ہی حالت محسوس ہوتی ہے۔ یہ اس اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانی ہے جسے کوئی چیز عاجز نہیں کرسکتی۔ اللہ تعالیٰ نے ہم سے آخرت کے امور کو مخفی رکھا ہے اور عذاب قبر بھی امور آخرت میں سے ہے۔ چنانچہ ہم اگرچہ عذاب قبر کو محسوس نہیں کرتے اور نہ ہی وہ ہمیں دکھائی دیتا ہے لیکن ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث پر اعتماد کرتے ہوئے اس پر ایمان لاتے ہیں۔ یہ اللہ کی رحمت ہے کہ اس نے اسے ہم سے پوشیدہ رکھا ہے کیونکہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے: لَوْلَا أَلَّا تُدَافِنُوْا لَسَأَلْتُ اللّٰہَ اَنْ یُسْمِعَکُمْ مِنْ عَذَابِ أَہْلِ الْقُبُوْرِ مَا أَسْمَعَنِیْ ۔ [1] ’’اگر مجھے یہ ڈر نہ ہوتا کہ تم مردوں کو دفن کرنا چھوڑ دو گے تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا کہ وہ تمہیں قبر والوں کا وہ عذاب سنا دے جو اس نے مجھے سنایا ہے۔‘‘ چنانچہ میّت کو قبر میں مارا جاتا ہے تو اس کی چیخ و پکار کو جنوں اور انسانوں کے علاوہ ہر مخلوق سنتی ہے۔ اگر انسان اسے سن لے تو مرجائے۔ سو، ان امور کا ہم سے مخفی رہنا اللہ تعالیٰ کی ہم پر رحمت ہے کہ ہم اسے دیکھ اور سن نہیں سکتے۔ لہٰذا آخرت کے معاملات کو دنیا کے معاملات کی طرح نہیں سمجھنا چاہیے اور آخرت کے مراحل میں سے پہلا مرحلہ عذاب قبر کا ہے۔ یہی آخرت کی پہلی منزل ہے اور قبر میں جو کچھ پیش آتا ہے وہ ایک غیبی جہان ہے جسے صرف اللہ ہی جانتا ہے۔ ***** |
Book Name | شرح لمعۃ الاعتقاد دائمی عقیدہ |
Writer | امام ابو محمد عبد اللہ بن احمد بن محمد ابن قدامہ |
Publisher | مکتبہ الفرقان |
Publish Year | |
Translator | ابو یحیٰی محمد زکریا زاہد |
Volume | |
Number of Pages | 440 |
Introduction |