Maktaba Wahhabi

106 - 440
﴿اَذِلَّۃٍ عَلَی الْمُؤْمِنِیْنَ اَعِزَّۃٍ عَلَی الْکٰفِرِیْنَ﴾ ’’یعنی وہ مومنوں کے لیے نرم ہیں ان پر رحم اور نرمی کرتے ہیں اور عاجزی سے پیش آتے ہیں جبکہ کفار کے لیے سخت ہیں کیونکہ وہ اللہ کے دشمن ہیں۔‘‘ ﴿ یُجَاہِدُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ﴾ ’’وہ اللہ کے راستے میں جہاد کرتے ہیں۔‘‘ اور اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے جہاد کرنا ان کی عظیم ترین صفات میں سے ہے۔ ﴿وَ لَا یَخَافُوْنَ لَوْمَۃَ لَآئِمٍ﴾ ’’اور وہ کسی ملامت گر کی ملامت سے نہیں ڈرتے۔‘‘ یہ بھی ان کی صفات میں سے ہے کہ اللہ کی خاطر وہ کسی ملامت گر کی ملامت سے نہیں ڈرتے۔ ﴿ذٰلِکَ فَضْلُ اللّٰہِ یُؤْتِیْہِ مَنْ یَّشَآئُ﴾ (المائدہ:۵۴) ’’یہ اللہ کا فضل ہے، وہ اسے دیتا ہے جس کو چاہتا ہے ۔‘‘ انہی صفات کی وجہ سے وہ اس عظیم مرتبے کے مستحق بنے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنا محبوب بنالیا۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کے درج ذیل ارشادات میں بھی صفت محبت کا اثبات ہے۔ ﴿اِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ التَّوَّابِیْنَ وَ یُحِبُّ الْمُتَطَہِّرِیْنَ،﴾ (البقرہ:۲۲۲) ’’بے شک اللہ ان سے محبت کرتا ہے جو بہت توبہ کرنے والے ہیں اور ان سے محبت کرتا ہے جو بہت پاک رہنے والے ہیں۔‘‘ ﴿وَاللّٰہُ یُحِبُّ الْمُتَّقِیْنَ﴾ (آل عمران:۷۶) ’’اللہ ڈرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘ ﴿وَاللّٰہُ یُحِبُّ الْمُحْسِنِیْنَ﴾ (البقرہ:۱۹۵) ’’نیکی کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘
Flag Counter