جامعہ لاہور الاسلامیہ میں حج او ر عمرہ کے پانچ انعام ۳۸ برس سے لاہور میں علومِ کتاب وسنت کی معیاری تعلیم دینے والی درسگاہ جامعہ لاہور الاسلامیہ میں تعمیراتی اِقدامات اور تعلیمی اِصلاحات کا عمل ایک تسلسل سے جاری ہے۔ یہاں مڈل کے بعد داخل ہونے والے طالب علم کو ۸برسوں میں ۲۰ علومِ اسلامیہ میں مہارت کے لئے خصوصی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ شام کی شفٹ میں سکول کی لازمی تعلیم بھی دی جاتی ہے جس میں ہشتم تا بی اے، لاہور بورڈ اورپنجاب یونیورسٹی کا نصاب پڑھایا جاتا ہے اور بہترین کمپیوٹر لیب میں کمپوزنگ وانٹرنیٹ کے علاوہ تبلیغ وتحقیق کے لئے کمپیوٹر کے استعمال کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ مزید برآں صبح کے تدریسی اوقات میں ہر تعلیمی سال میں دورِ حاضر کے مختلف سماجی علوم کے تعارفی مطالعہ کو بھی پھیلا دیا گیا ہے جن میں عمرانیات، سیاسیات، معاشیات، مغربی تہذیب اور جدید قانون وغیرہ شامل ہیں ۔ یوں تو جامعہ میں قیام وطعام سمیت تعلیم وتربیت کی جملہ سہولیات بالکل مفت ہیں لیکن طلبہ میں تعلیمی ذوق وشوق اور محنت کا ماحول پیدا کرنے کے لئے ۸۰ فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو ۵۰۰ روپے ماہوار وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ حاضری کا کڑا نظام، اَسباق کی تکمیل اور تعلیمی مسابقوں اور تحریری وتقریری مقابلوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ رواں تعلیمی سال کے آغازمیں ایک انقلابی اعلان یہ کیا گیا کہ جامعہ کے مختلف شعبوں میں بہترین نمبر حاصل کرنے والے ۴ طلبہ کو عمرہ کا اِنعام دیا جائے گا، جبکہ جامعہ بھر میں امتیازی حیثیت کے حامل طالبعلم کو ادارہ حج کا انعام دے گا۔ جیسا کہ قارئین کے علم میں ہے کہ پاکستان کا یہ واحد جامعہ ہے جہاں بیک وقت دو مستقل شعبوں کلیۃ الشریعۃ اورکلیۃ القرآن میں تعلیم دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں دوسری شفٹ میں کلیہ علومِ اجتماعیہ عصری سکول و کالج کی تعلیم کے لئے مصروفِ عمل ہے۔ جامعہ میں مڈل کے بعد۸ سالہ تعلیمی دورانیہ کو چار سالہ ثانوی اور چار سالہ کلیہ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جامعہ کے متنوع شعبہ جات کوملحوظ رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام شعبوں کی ثانوی کلاسز میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے ایک مثالی طالب ِعلم کو عمرہ کا انعام دیا جائے گا جبکہ دو کلیات میں بہترین پوزیشن کے حامل طالب علم بھی یہ اعزاز حاصل کریں گے۔ نیز جامعہ میں تخصص کے شعبہ میں بھی ایک طالب علم کو عمرہ کا انعام دیا جائے گا۔ دیگر متعدد اِقدامات کی طرح سال بھر میں طلبہ میں تعلیمی جوش وجذبہ پیدا کرنے کے لئے مختلف مواقع پر یہ اعلان کیا جاتا رہاجس کے نتیجے میں اِمسال ۳/اگست سے ۱۴/اگست کے دوران ہونے والے جامعہ کے سالانہ امتحانات میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر محنت کی۔ ممتاز طلبہ کو فوری طور پر عمرہ کے |