دار الافتاء شیخ الحدیث حافظ ثناء اللہ مدنی جامعہ لاہور الاسلامیہ (رحمانیہ) گروی مکان سے استفادہ،قرآنی تعویذ،مسجد ڈھانا ٭ سرخ یا ناسی کلر کا خضاب لگانا ٭ گروی مکان سے استفادہ؟ ٭ قرآن پڑھ کردَم کرنا اور دم کی شرائط ٭ قرآنی تعویذ کی شرعی حیثیت ٭ مدرسہ کی عمارت میں جمعہ و عیدین پڑھنے کا حکم ٭ مسجد ڈھا کر دوسری جگہتعمیر کرنا ٭ غصب شدہ زمین میں نماز او ربے وضو امام کے پیچھے نماز؟ سوال:میرا تعلق ازبکستان سے ہے۔ افغانستان کے راستے پاکستان آتے ہوئے میرا شوہر افغانستان میں پکڑا گیا تھا۔ اب چار سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اوراس کی کوئی خبر نہیں کہ زندہ ہے یا فوت ہوچکا ہے۔ افغانستان کے احوال آپ سے مخفی نہیں ۔ میرے تین بچے ہیں جن کی کفالت میرے لئے انتہائی دشوار ہے۔ کیا میرے لئے شادی کرنا جائز ہے، تاکہ مجھے اور میرے بچوں کو سہارا مل سکے ؟ (خاتون بانو) جواب: مذکورہ بالا صورت میں عورت اپنے حالات کے پیش نظر دوسری جگہ نکاح کرسکتی ہے ۔ دوسرے نکاح کے بعد اگرپہلا شوہر آجائے تو وہ اس کا زیادہ حقدار ہے ۔ہاں البتہ اگر وہ اپنے حق سے دست بردار ہوجائے تو دوسرے کی زوجیت میں باقی رہے گی۔ ( تفصیل کے لئے ملاحظہ ہو: التلخیص الحبیر) سوال:کیا بالوں پر سرخ یا ناسی کلر (Brown Colour) کا خضاب لگانا جائز ہے؟ نیز کالاخضاب کن حالتوں میں لگایا جاسکتا ہے؟ (محمدایوب پٹھان، بدین) جواب:احادیث میں صرف کالے خضاب کی ممانعت ہے۔ اس کے علاوہ جملہ رنگ استعمال کئے جا سکتے ہیں ۔ تاہم بعض علما نے جہاد کی حالت میں سیاہ خضاب کی اجازت دی ہے اور بعض نے مطلقاً رخصت بھی دی ہے ۔سلف میں سے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ ، عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ ، حسن رضی اللہ عنہ ، حسین رضی اللہ عنہ ، جریر رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ رخصت کے قائل ہیں ۔ ابن ابی عاصم نے کتاب الخضاب میں اسی مسلک کو اختیار کیا ہے۔ |