ریاض میں مدیر اعلیٰ کی سود کیس کے فیصلہ پر پریس کانفرنس رمضان المبارک میں محترم مدیر اعلیٰ مراکش کے مجوزہ پروگرام کی تکمیل کے لیے بیرون ملک سفر روانہ ہوئے جس میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی ۔ مولانا مدنی جس روز سعودی عرب کے دار الخلافہ ریاض پہنچے ، اس سے ایک روز قبل ہی سپریم کورٹ آف پاکستان نے سود کے بارے میں اپنا تاریخ ساز فیصلہ صادر کیا تھا ۔ ریاض میں آپ کے پہنچتے ہی ریاض کی جمعیت اہل حدیث نے آپ کے اعزاز میں ہوٹل مرحبا میں افطاری پر ایک استقبالیہ ترتیب دیا ، جس میں مولانا مدنی سے اس تاریخ ساز فیصلے کے بارے میں خطاب اور تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کا پروگرام رکھا گیا ۔ ساتھ ہی ریاض کے عربی و اردو اخبارات کے صحافیوں کو بھی بریفنگ کے لیے شرکت کی دعوت کی گئی ۔ ریاض میں مکتبہ دار السلام کے مدیر جناب عبد المالک مجاہد صاحب کی طرف سے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام سے قبل عبد المالک مجاہد صاحب نے مقدمہ سود کے فل بنچ کے سربراہ جسٹس خلیل الرحمٰن خان کو لاہور میں فون پر ، ریاض میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اس عظیم الشان اقدام پر مبارکباد پیش کی ۔ انکے ساتھی جج حضرات کے اسلامی جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ افطاری سے ایک گھنٹہ قبل مولانا مدنی کو رسمی کاروائی کے بعد دعوت خطاب دی گئی ۔ افطاری کے بعد آپ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے گھیر لیا جو سب سود کے بارے میں پاکستانی عدلیہ کے اس اہم اقدام کی تفصیلات جاننے کے خواہشمند تھے ، مولانا مدنی نے سب صحافیوں کو جمع کر کے دو گھنٹے پر مشتمل ایک اجتماعی انٹرویو دیا ، جو اسی فیصلے کے نتائج اور اس کے محرکات و مضمرات پر مشتمل تھا ۔ آئندہ روز یہ انٹرویو ریاض کے عربی و اردو اخباروں میں نمایاں چھپا سعودیہ کے کثیر الاشاعت اخبار اردو نیوز نے بھی اس کو شائع کیا جس کا اخباری تراشہ پیش خدمت ہے ...... |