حاصل نہیں کیا ، اور گمراہی میں بھٹکتے رہے ۔ایسے لوگوں میں پیش پیش نصاریٰ رہے ۔ عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے ایک طویل حدیث مروی ہے ، جس میں انہوں نے اپنے اسلام لانے کا واقعہ بیان کیا ہے ، اس میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ﴿المَغضوبِ عَلَيهِم﴾ سے مراد یہود اور﴿الضّالّينَ﴾سے مراد نصاریٰ ہیں ابن ابی حاتم کہتے ہیں کہ مفسرین کے درمیان ا س میں کوئی اختلاف نہیں کہ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِم سے مراد یہود اورالضَّالِّينَ سے مراد نصاریٰ ہیں ۔مفسرین نے لکھا ہے کہ ﴿وَلَا الضّالّينَ﴾میں لاتاکیدکے لئے ہے ، سامع کے دل میں یہ بات بٹھانے کے لئے کہ یہاں پر دو الگ الگ پُرفساد راستوں کا ذکر ہے ۔ایک یہود کا راستہ اور دوسرا نصاریٰ کا ۔ تاکہ اہل ایمان دونوں راستوں سے بچیں ۔یہود نے حق پہچاننے کے بعد اس کی اتباع نہیں کی ، اس لئے اللہ کے غضب کے مستحق بنے ۔ اور نصاریٰ نے حق کو پہچانا ہی نہیں ، کیونکہ انہوں نے اُس راہ کو اختیار ہی نہیں کیا ، جس پر چل کر آدمی حق پاتا ہے ، اس لئے وہ گمراہ ہوگئے ۔ اور حقیقت تو یہ ہے کہ یہود ونصاریٰ سبھی گمراہ ہیں اور اُن سب پر اللہ کا غضب ہے ۔ لیکن یہود اللہ کے غضب کے ساتھ، اور نصاریٰ ضلالت وگمراہی کے ساتھ مشہور ہوگئے ۔آمین!نماز میں سورۂ فاتحہ کے بعد آمین کہنا مستحب ہے، جہری نمازوں میں بآوازِ بلنداور سرّی نمازوں میں آہستگی کے ساتھ۔ آمین کا معنی ہے : اے اللہ قبول فرما ۔ وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے﴿غَيرِ المَغضوبِ عَلَيهِم وَلَا الضّالّينَ 7 ﴾...سورة الفاتحة "پڑھا اور اپنی آواز کھینچ کر آمین کہا ۔ ابوداود کی ایک روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلند آواز سے آمین کہی۔ امام ترمذی کے نزدیک یہ حدیث 'حسن'ہے۔ اور اسی قسم کی روایات علی ، ابوہریرہ اور ابن مسعود رضی اللہ عنہم وغیرہم سے بھی مروی ہیں ۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب﴿غَيرِ المَغضوبِ عَلَيهِم وَلَا الضّالّينَ 7 ﴾...سورة الفاتحة" پڑھتے تو 'آمین' کہتے ، یہاں تک کہ صف ِ اوّل میں اُن کے آس پاس کے لوگ سنتے۔ ( ابوداود )ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی کی ایک اور روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ :جب امام 'آمین' کہے تو تم بھی کہو ، اس لئے کہ جس کی آمین فرشتوں کی آمین سے مل جائے گی ، اس کے تمام سابقہ گناہ معاف کردیئے جائیں گے '' ( بخاری ومسلم )