Maktaba Wahhabi

457 - 492
’’ اور نہ کاتب کو ضرر پہنچایا جائے اور نہ گواہ کو۔اور اگر تم ایسا کروگے تو گناہ کروگے۔‘‘[1] خاوند بیوی کا ایک دوسرے کو ضرر پہنچانا شریعت میں خاوند بیوی کے حقوق وفرائض متعین کردئیے گئے ہیں۔اگر دونوں فریق اپنے اپنے فرائض پوری دیانتداری کے ساتھ ادا کرتے رہیں تو ازدواجی زندگی بہت خوب گزرتی ہے۔لیکن اگر دونوں میں سے کسی ایک کی طرف سے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی ہو تو ازدواجی زندگی اجیرن بن جاتی ہے۔اور جس فریق کی طرف سے کوتاہی ہوتی ہے وہ اپنی کوتاہی کے ساتھ دوسرے فریق کو ضرر پہنچاتا ہے۔اور چونکہ ایسی کوتاہی عموما خاوند کی جانب سے ہوتی ہے ، اس لئے ہم پہلے بیوی کو ضرر پہچانے کی چند صورتیں عرض کرتے ہیں۔ 1۔ خاوند پر لازم ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ اچھے اور بھلے طریقے سے بودوباش اور رہنا سہنا رکھے تاکہ دونوں کی زندگی خوشگوار انداز سے گزرتی رہے۔اللہ تعالی کا فرمان ہے: ﴿ وَعَاشِرُوہُنَّ بِالْمَعْرُوفِ فَإِن کَرِہْتُمُوہُنَّ فَعَسَی أَن تَکْرَہُوْا شَیْْئًا وَّیَجْعَلَ اللّٰہُ فِیْہِ خَیْْرًا کَثِیْرًا﴾ ’’اور ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو۔اگر وہ تمھیں نا پسند ہوں تو ہو سکتا ہے کہ کوئی چیز تمھیں تو ناگوار ہو مگر اللہ تعالی نے اس میں بہت بھلائی رکھ دی ہو۔‘‘[2] اسی طرح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:(اِسْتَوْصُوْا بِالنِّسَائِ خَیْرًا) ’’ تم عورتوں کے ساتھ اچھا سلو ک کیا کرو۔‘‘[3] اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اِس واضح حکم کے باوجود کئی لوگ اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتے ، بلکہ بد سلوکی کرتے ہیں اور بغیر کسی سبب کے انھیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ایسا طرز عمل اختیار کرنا یقینا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے واضح احکامات کے خلاف ہے۔ 2۔ایک آدمی اپنی بیوی کو نہ گھر میں بسانے پر آمادہ ہو اور نہ اسے طلاق دینے پر تیار ہو۔اِس سے اس کی بیوی کو یقینا ضرر پہنچتا ہے کیونکہ وہ درمیان میں لٹکی رہتی ہے ، نہ اپنے خاوند کے پیار ومحبت کو حاصل کر پاتی ہے اور نہ ہی وہ اِس سے آزاد ہو کر دوسرے خاوند سے شادی کر سکتی ہے۔اور اس سے اللہ تعالی نے منع فرمایا ہے: ﴿وَ لَا تُمْسِکُوْھُنَّ ضِرَارًا لِّتَعْتَدُوْا وَ مَنْ یَّفْعَلْ ذٰلِکَ فَقَدْ ظَلَمَ نَفْسَہٗ﴾ ’’ اور تم انھیں نقصان پہنچانے کیلئے مت روکو تاکہ تم زیادتی کر سکو۔اور جو شخص ایسا کرے گا تو وہ اپنے اوپر ظلم کرے گا۔‘‘[4]
Flag Counter