اوپر ظلم کیا۔تم نہیں جانتے شاید اس کے بعد اللہ تعالی کوئی نئی بات پیدا کردے۔‘‘[1] اس آیت کریمہ میں اللہ تعالی نے عورتوں کو عدت کے آغاز میں یعنی جب وہ حیض سے پاک ہو جائیں تو اُس طہر میں جماع کرنے سے پہلے طلاق دینے اور عدت کا حساب رکھنے کا حکم دیا ہے۔یعنی تمھیں یہ معلوم ہونا چاہئے کہ عدت کب سے شروع ہوئی اور کب ختم ہوگی۔تاکہ اگر عورت عقد ثانی کرنا چاہئے تو اسے پتہ ہو کہ کب اسے اس کی اجازت ہوگی اور اگر اس کا خاوند اس سے رجوع کرنا چاہے تو اسے بھی پتہ ہو کہ اسے کب تک رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالی نے ان عورتوں کو جنھیں طلاق رجعی دی گئی ہو انھیں ان کے گھروں سے نکالنے سے منع فرمایا ہے اور خود انھیں بھی روک دیا ہے کہ وہ بلا وجہ خاوند کے گھر سے باہر نہ جائیں۔اِس میں حکمت یہ ہے کہ اگر خاوند بیوی دونوں ایک ہی گھر میں ہوں گے تو شاید ان کے دلوں میں نرمی پیدا ہو جائے اور وہ مصالحت کرنے اور طلاق سے رجوع کرنے پر آمادہ ہو جائیں۔ورنہ اگر خاوند اپنی بیوی کو طلاق دے کر عدت گذرنے سے پہلے ہی گھر سے نکال دے تو ان کے درمیان مصالحت کے امکانات ختم ہونے کا اندیشہ ہو گا جو درست نہیں ہے۔اس لئے اللہ تعالی نے فرمایا:﴿ لاَ تَدْرِیْ لَعَلَّ اللّٰہَ یُحْدِثُ بَعْدَ ذٰلِکَ اَمْرًا ﴾ یعنی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالی خاوند کے دل میں بیوی کی رغبت پیدا کردے اور وہ طلاق سے رجوع کر لے۔ 5۔اکٹھی تین طلاقیں دینا حرام ! ایک ہی مجلس میں اکٹھی تین طلاقیں دینا حرام ہے۔ اسی لئے علماء اسے بھی ’ طلاق بدعی ‘ کہتے ہیں۔ حضرت محمود بن لبید رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک شخص کے متعلق بتایا گیا کہ اس نے اپنی بیوی کو اکٹھی تین طلاقیں دے دی ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم غصے کی حالت میں کھڑے ہو گئے اور فرمایا:(أَیُلْعَبُ بِکِتَابِ اللّٰہِ وَأَنَا بَیْنَ أَظْہُرِکُمْ ؟) ’’کیا میری موجودگی میں ہی کتاب اللہ کو کھلونا بنایا جارہا ہے ؟‘‘ [2] رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے ناراضگی کا اظہار اور اکٹھی تین طلاقوں کو کتاب اللہ کے ساتھ کھیل قرار دینا اس بات کی دلیل ہے کہ بیک وقت تین طلاقیں دینا حرام ہے۔ 6۔طلاق دینے کا صحیح طریقہ طلاق دینے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ خاوند بیوی کو اُس طہر میں ایک بار طلاق دے جس میں اس نے اس سے جماع نہ کیا ہو۔ اس کے بعد وہ اپنی بیوی کو اپنے گھرسے نکالے بغیر عدت کا انتظار کرے۔اگر اِس دوران ان کے درمیان صلح |