Maktaba Wahhabi

373 - 492
’’ اے ایمان والو ! یہود ونصاری کو دوست نہ بناؤ۔یہ تو آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔تم میں سے جو بھی ان میں سے کسی سے دوستی کرے گا تو وہ یقینا انہی میں سے ہوگا۔بے شک اللہ ظالموں کی قوم کو ہدایت نہیں دیتا۔‘‘[1] یہ منافق یہود ونصاری کو نہ صرف دوست بناتے ہیں بلکہ ان کے ’مفادات ‘کیلئے دوڑ دھوپ بھی کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر ہم ایسا نہ کریں تو وہ ہم پر حملہ کردیں گے اور ہمیں تباہ وبرباد کردیں گے ! اِن منافقوں کی یہ حجت بالکل وہی حجت ہے جو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور کے منافق پیش کیا کرتے تھے۔اللہ تعالی ان لوگوں کے بارے میں فرماتا ہے:﴿ فَتَرَی الَّذِیْنَ فِیْ قُلُوْبِھِمْ مَّرَضٌ یُّسَارِعُوْنَ فِیْھِمْ یَقُوْلُوْنَ نَخْشٰٓی اَنْ تُصِیْبَنَا دَآئِرَۃٌ ﴾ ’’آپ دیکھیں گے کہ جن لوگوں کے دلوں میں روگ ہے وہ انہی(یہود ونصاری)میں دوڑ دھوپ کرتے پھرتے ہیں۔کہتے ہیں کہ ہم ڈرتے ہیں کہ کہیں کسی مصیبت میں نہ پڑ جائیں۔‘‘[2] یہ جو ایک دوسرے کے دوست ہیں ، منافقین اور یہود ! اللہ تعالی ان دونوں گروہوں کو ایک ساتھ ذکر کرکے انھیں یوں وعید سناتا ہے: ﴿ لَئِنْ لَّمْ یَنْتَہِ الْمُنٰفِقُوْنَ وَ الَّذِیْنَ فِیْ قُلُوْبِھِمْ مَّرَضٌ وَّ الْمُرْجِفُوْنَ فِی الْمَدِیْنَۃِ لَنُغْرِیَنَّکَ بِھِمْ ثُمَّ لَا یُجَاوِرُوْنَکَ فِیْھَآ اِلَّا قَلِیْلًا ٭ مَّلْعُوْنِیْنَ اَیْنَمَا ثُقِفُوْٓا اُخِذُوْا وَ قُتِّلُوْا تَقْتِیْلًا﴾ ’’ اگر منافق لوگ اور وہ جن کے دلوں میں مرض ہے اور جو مدینہ میں دہشت انگیز افواہیں پھیلاتے ہیں ، اپنی شرارتوں سے باز نہ آئے تو ہم آپ کو ان کے خلاف اٹھا کھڑا کریں گے ، پھر وہ تھوڑی ہی مدت آپ کے پڑوس میں رہ سکیں گے۔ان پر اللہ کی پھٹکار برسے گی۔یہ جہاں کہیں بھی ہونگے پکڑ لئے جائیں گے اور بری طرح قتل کئے جائیں گے۔‘‘[3] ان آیات میں ﴿وَ الْمُرْجِفُوْنَ فِی الْمَدِیْنَۃِ ﴾ سے مراد بنو قریظہ ہیں جو مدینہ منورہ میں بے بنیاد خبریں پھیلا کر اہلِ مدینہ کو پریشان کرنے کی مذموم کوشش کرتے تھے۔اللہ تعالی نے انھیں اور ان جیسے منافقوں کو کہ جن کی ریشہ دوانیوں سے مسلمانانِ مدینہ تنگ آ چکے تھے ، شدید دھمکی دی کہ اگر یہ سب ایذا رسانی سے باز نہیں آتے تو اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم آپ کو ان کے خلاف اٹھ کھڑا ہونے کا حکم دیں گے۔پھر ان پر اللہ کی پھٹکار پڑے گی اور یہ جہاں کہیں ملیں گے انھیں پکڑ کر بری طرح سے قتل کردیا جائے گا۔
Flag Counter