’’ کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنھوں ایسے لوگوں سے دوستی لگائی جن پر اللہ کا غضب ہوا۔نہ تو وہ تم میں سے اور نہ ہی ان میں سے ہیں۔اور وہ جان بوجھ کر جھوٹ پر قسم کھاتے ہیں۔‘‘[1] اللہ کا غضب کن لوگوں پر ہوا ؟ یہود پر۔تو منافق لوگ یہودِ مدینہ سے دوستانہ تعلقات رکھتے تھے اور انہی کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کرتے تھے ، لیکن عملی طور ان کی حالت یہ ہوگئی کہ ﴿ مَا ہُمْ مِّنْکُمْ وَلاَ مِنْہُمْ﴾ یعنی ’دھوبی کا کتا نہ گھر کا نہ گھاٹ کا۔‘‘ منافقوں کے اِس طرز عمل پر اللہ تعالی انھیں شدید اور رسوا کن عذاب کی وعید سناتے ہوئے فرماتا ہے: ﴿ اَعَدَّ اللّٰہُ لَہُمْ عَذَابًا شَدِیْدًا اِِنَّہُمْ سَآئَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ٭ اتَّخَذُوْٓا اَیْمَانَہُمْ جُنَّۃً فَصَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ فَلَہُمْ عَذَابٌ مُّہِیْنٌ ﴾ ’’ اللہ نے ان کیلئے شدید عذاب تیار کیا ہے۔بلا شبہ جو یہ کر رہے ہیں بہت برا ہے۔انھوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے۔وہ لوگوں کو اللہ کی راہ سے روکتے ہیں۔لہذا ان کیلئے رسوا کن عذاب ہو گا۔‘‘[2] اللہ تعالی مزید فرماتا ہے:﴿لَنْ تُغْنِیَ عَنْہُمْ اَمْوَالُہُمْ وَلَآ اَوْلاَدُہُمْ مِّنَ اللّٰہِ شَیْئًا اُولٰٓئِکَ اَصْحٰبُ النَّارِ ہُمْ فِیْہَا خٰلِدُوْنَ﴾ ’’ اللہ کے ہاں نہ ان کے مال کچھ کام آئیں گے اور نہ اولاد۔یہی لوگ اہلِ جہنم ہیں جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔‘‘[3] اس کے بعد اللہ تعالی ایسے لوگوں کو ’شیطان کی پارٹی ‘ قرار دیتے ہوئے فرماتا ہے: ﴿ اِسْتَحْوَذَ عَلَیْہِمُ الشَّیْطٰنُ فَاَنْسٰہُمْ ذِکْرَ اللّٰہِ اُولٰٓئِکَ حِزْبُ الشَّیْطٰنِ اَلَآ اِِنَّ حِزْبَ الشَّیْطٰنِ ہُمُ الْخٰسِرُوْنَ ﴾ ’’ شیطان ان پر مسلط ہو گیا ہے جس نے انھیں اللہ کا ذکر بھلا دیا ہے۔یہی لوگ شیطان کی پارٹی ہیں۔سن لو ! شیطان کی پارٹی کے لوگ ہی خسارہ اٹھانے والے ہیں۔‘‘[4] اِس سے ثابت ہواکہ یہودیوں سے دوستانہ تعلقات رکھنے والے منافق لوگ ’شیطانی ٹولہ ‘ہیں۔لیکن اسے کیا کہئے کہ آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو مسلمان ہونے کا دعوی کرتے ہیں ، مگر اِس کے ساتھ ساتھ وہ یہود ونصاری کو اپنا دوست بناتے ہیں۔جبکہ اللہ تعالی اہلِ ایمان کو اِس سے منع کرتے ہوئے فرماتا ہے: ﴿یٰٓأَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوا الْیَھُوْدَ وَ النَّصٰرٰٓی اَوْلِیَآئَ بَعْضُھُمْ اَوْلِیَآئُ بَعْضٍ وَ مَنْ یَّتَوَلَّھُمْ مِّنْکُمْ فَاِنَّہٗ مِنْھُمْ اِنَّ اللّٰہَ لَا یَھْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ﴾ |