بظاہر اہلِ جہنم والا عمل کرتا ہے اور درحقیقت وہ اہلِ جنت میں سے ہوتا ہے۔‘‘[1] یہ شخص جو اللہ کی راہ میں لڑ رہا تھا ، بہادری اور شجاعت کے کارنامے دکھا رہا تھا ، کافروں کی گردنیں کاٹ رہا تھا، اس کا خاتمہ جہنم والے عمل پر ہوا ، اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے جہنمی قرار دیا۔ جو لوگ دنیاوی مصیبتوں اور آزمائشوں سے تنگ آجاتے ہیں ان کی سوچ یہ ہوتی ہے کہ بس اپنے آپ کو مار دو، ہر قسم کی پریشانیوں سے نجات مل جائے گی ! یہ سوچ نہایت خطرناک ہے ، کیوں ؟ اس لئے کہ انھیں یہ نہیں معلوم کہ یہ قدم اٹھانے کے بعد وہ کتنی بڑی مصیبت میں گرفتار ہو جائیں گے ؟ اللہ تعالی انھیں کتنے بڑے عذاب میں مبتلا کردے گا ؟ قبر میں کیا ہو گا اور قیامت کے روز ان سے کیا سلوک کیا جائے گا ؟ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک اورحدیث ملاحظہ کیجئے: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: (مَنْ تَرَدَّی مِنْ جَبَلٍ فَقَتَلَ نَفْسَہُ فَہُوَ فِی نَارِ جَہَنَّمَ یَتَرَدَّی فِیہِ خَالِدًا مُخَلَّدًا فِیْہَا أَبَدًا) ’’ جو شخص کسی پہاڑ سے خود گر کر اپنے آپ کو مار ڈالے توہ جہنم کی آگ میں ہے اور برابر اپنے آپ کو اس میں نیچے کو گرا رہا ہے۔وہ اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہے گا۔‘‘ (وَمَنْ تَحَسَّی سُمًّا فَقَتَلَ نَفْسَہُ فَسُمُّہُ فِی یَدِہٖ یَتَحَسَّاہُ فِی نَارِ جَہَنَّمَ خَالِدًا مُخَلَّدًا فِیْہَا أَبَدًا) ’’اور جو آدمی زہر پی کر اپنے آپ کو مار ڈالے(جیسا کہ آج کل ایسے واقعات بہت زیادہ رونما ہو رہے ہیں)تو وہ اپنی زہر اپنے ہاتھ میں لئے جہنم میں چلا جاتا ہے اور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اس میں رہے گا۔‘‘ (وَمَنْ قَتَلَ نَفْسَہُ بِحَدِیْدَۃٍ فَحَدِیْدَتُہُ فِی یَدِہٖ یَجَأُ بِہَا فِی بَطْنِہٖ فِی نَارِ جَہَنَّمَ خَالِدًا مُخَلَّدًا فِیْہَا أَبَدًا) ’’ اور جو بندہ اپنے آپ کو لوہے کی کسی چیز کے ساتھ مار ڈالے تو وہ جہنم کی آگ میں اسی چیز کو ہاتھ میں لئے اسے اپنے پیٹ میں چبھوتا رہے گا اور ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اس میں رہے گا۔‘‘[2] وہ شخص جو خود کشی کرنا چاہتا ہو اسے اس سے پہلے ہزار بار سوچنا چاہئے کہ کیا وہ اس طرح کا اقدام کرکے واقعتا مشکلات سے نجات پا جائے گا ؟ یا دنیاوی مشکلات سے کہیں بڑے عذاب میں مبتلا ہو جائے گا ؟ اور جو لوگ اپنا گلا گھونٹ کر مر جاتے ہیں یا خود کو گولی ما رکر خود کشی کرلیتے ہیں ان کا یہ جرم کس قدر سنگین ہے! اس کا اندازہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد سے کیا جا سکتا ہے: |