Maktaba Wahhabi

118 - 492
اوریہ بات تمام اہلِ ایمان جانتے ہیں کہ سنت ِ رسول قرآن سے جدا نہیں ہو سکتی اور قرآن مجید کو سنت کے بغیر سمجھا نہیں جا سکتا۔اسی لئے اللہ تعالی نے اپنی اسی کتاب میں ہی واضح طور پر حکم دے دیا کہ ﴿ وَمَا آتَاکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَا نَہَاکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوْا ﴾ ’’ اور جو کچھ تمھیں رسول دیں وہ لے لو اور جس سے روکیں اس سے رک جاؤ۔‘‘[1] نیز فرمایا:﴿ قُلْ اَطِیعُوا اللّٰہَ وَاَطِیعُوا الرَّسُوْلَ فَاِِنْ تَوَلَّوا فَاِِنَّمَا عَلَیْہِ مَّا حُمِّلَ وَعَلَیْکُمْ مَا حُمِّلْتُمْ وَاِِنْ تُطِیعُوْہُ تَہْتَدُوْا وَمَا عَلَی الرَّسُوْلِ اِِلَّا الْبَلٰغُ الْمُبِیْنُ ﴾ ’’ کہہ دیجئے کہ تم اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اطاعت کرو۔پس اگر تم لوگ روگردانی کروگے تو رسول کی ذمہ داری تو وہی ہے جو ان پر ڈالی گئی ہے(یعنی تبلیغ کرنا)اور تمھارے اوپر وہ چیز لازم ہے جو تمھاری ذمہ داری ہے(یعنی قبول کرنا)۔ اور اگر تم اس کی اطاعت کرو گے تو ’ہدایت ‘ پا جاؤ گے۔اور رسول کے ذمے تو واضح طور پر پہنچا دینا ہی ہے۔‘‘[2] اِس آیت کریمہ میں اللہ تعالی نے بالکل واضح کردیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرنے سے اہل ِ ایمان ’ہدایت ‘پا سکتے ہیں۔ سامعین کرام ! اب تک ہم نے جو گفتگو کی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ’ ہدایت‘ جس کی اتباع کرنے کا اللہ تعالی نے بنو آدم کو حکم دیا ، وہ ہمارے لئے قرآن وسنت ہی ہے۔قرآن مجید کو اللہ تعالی نے بھی ’ ہدایت ‘ قرار دیا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ’ہدایت ‘ قرار دیا۔اسی طرح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی فرمانبرداری کو بھی اللہ تعالی نے اہل ِ ایمان کیلئے باعث ہدایت قرار دیا۔لہذا اہل ِ ایمان کی بھلائی اسی میں ہے کہ وہ قرآن وسنت ہی کی اتباع کریں… قرآن وسنت ہی کو اپنے گلے کا ہار بنائیں… قرآن وسنت ہی کو اپنا دستورِ حیات سمجھیں… اور قرآن وسنت ہی میں زندگی میں پیش آنے والے تمام امور اور مسائل کا حل ڈھونڈیں۔ صرف کتاب وسنت ہی کی اتباع کیوں ؟ مسلمانو ! صرف کتاب وسنت کی اتباع کی کئی وجوہات ہیں: 1۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں صرف اپنی ’وحی ‘ کی اتباع کرنے اور اس کے علاوہ باقی تمام چیزوں کو چھوڑ دینے کا حکم دیا ہے۔اس کا فرمان ہے:﴿ اِتَّبِعُوْا مَآ اُنْزِلَ اِلَیْکُمْ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَ لَا تَتَّبِعُوْا مِنْ دُوْنِہٖٓ اَوْلِیَآئَ قَلِیْلًا مَّا تَذَکَّرُوْنَ﴾
Flag Counter