Maktaba Wahhabi

51 - 112
سے تقویٰ پہنچتا ہے ، یعنی جس چیز سے اللہ تعالیٰ کی رضا مقصود ہو ، وہ اسی کو قبول فرماتے ہیں، اسی کو اپنی طرف اُٹھاتے ہیں، اس کو سنتے ہیں اور اس کی بنا پر ثواب عطا فرماتے ہیں۔ [1] (۸) تقویٰ مقصودِ عبادت جن و انس کی تخلیق اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے ہے اور عبادت کا مقصود عبادت گزاروں کو متقی بنانا ہے۔ تقویٰ کی اہمیت کے بارے میں اس کے سو ا کوئی اور بات نہ بھی ہوتی ، تو تنہا یہ ایک بات ہی تقویٰ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لیے بہت کافی ہے۔ ذیل میں اس بارے میں تین دلائل ملاحظہ فرمائیے: ا: اللہ عزوجل نے فرمایا: {یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّکُمُ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ وَ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِکُمْ لَعَلَّکُمْ تَتَّقُوْنَ} [2] [اے لوگو! تم اپنے رب کی عبادت کرو، جس نے تمہیں اور تم سے پہلے لوگوں کو پیدا فرمایا ، تاکہ تم متقی بن جاؤ۔] شیخ ابن عاشور اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں:معنی یہ ہے ، کہ تم اپنے رب کی عبادت اس اُمید کے ساتھ کرو ، کہ تم کامل متقی لوگوں میں سے ہو جاؤ گے ، کیونکہ بلاشبہ عبادت کا مقصود تقویٰ ہی ہے ۔ اسی لیے حکمِ عبادت کرتے وقت ، عابد کے عبادت کرتے ہوئے ، یا تخلیق و تکوین کا ارادہ کرتے وقت تقویٰ کے حصول کی اُمید رکھنے کا فائدہ واضح ہے۔[3] ب: اللہ جل جلالہ نے ارشاد فرمایا: {وَاَقِمِ الصَّلٰوۃَ إِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنْھٰی عَنِ الْفَحْشَآئِ وَالْمُنْکَرِ} [4] [اور نماز کو قائم کیجیے۔ بلاشبہ نماز بے حیائی اور بُرائی سے روکتی ہے۔]
Flag Counter