مولانا عبدالسلام رحمانی کے سلسلۂ اسفار کاآغاز 1973ء سے حج بیت اللہ سے ہوتا ہے۔پھر یہ سلسلہ بڑھتا ہی چلا گیا۔انھوں نے دنیا کی بتیس ائیر لائنوں کے بہت سے ہوائی جہازوں پرسفرکیا۔صرف تین سیٹ والے جہاز سے بھی اور سب سے بڑے جہازبوئنگ 747(جمبوجیٹ) سے بھی۔بعض ائیر لائنوں پر توباربارسفر کرنے کا اتفاق ہوا۔اپنے ملک ہندوستان کے مختلف مقامات کے سفروں کےعلاوہ انھوں نےجن ممالک کےسفرکیے وہ ہیں:فیجی، ملائشیا، سڈنی، سنگارپور، ، نیوزی لینڈ، سعودی عرب امریکا، آسٹریلیا، جاپان، اٹلی، ابوظہبی، چین، انگلستان، فرانس، مصر، کویت، نیپال، پاکستان، دوبئی، بحرین، مسقط، دوحہ، شام، اردن، انڈونیشیا، کینیڈا، جنیوا، ڈنمارک، پھر جس ملک میں انھیں جانے کا اتفاق ہوا۔ اس کے بہت سے شہروں میں گھومے پھرے۔ان تمام ملکوں کے سفروں میں انھوں نے مختلف سنٹروں اور اداروں میں تقریریں کیں اور ہرجگہ اسلام کی تبلیغ کی۔ اس طرح کہنا چاہیے کہ انھوں نے دنیا کے بہت سے بلاد وامصار میں اسلام کا پیغام حق پہنچایا اوراللہ کا کلمہ بلندکیا۔ باالفاظ دیگر دنیا کے بہت بڑے مبلغین اسلام میں ان کا شمار ہوا۔ مولانا عبدالسلام رحمانی نے جہاں تقریر وخطابت اور تدریس میں بے پناہ دلچسپی لی، وہاں تحریری رنگ میں بھی ان کی خدمات بڑی پھیلی ہوئی ہیں۔ان کی مطبوعہ کتابیں مندرجہ ذیل ہیں جن میں سے بعض کتابیں کئی کئی دفعہ چھپی ہیں: 1۔اسلامی کہانیاں :(حصہ اول، دوم، سوم) یہ کتاب مکتب میں زیر تعلیم بچوں کی ذہنی تربیت واصلاح کے لیے لکھی گئی ہے۔حصہ اول درجہ سوم کے لیے، حصہ دوم درجہ چہارم کے لیے اور حصہ سوم درجہ پنجم کے لیے۔اس کتاب نے بڑی مقبولیت حاصل کی۔ 2۔حضرت حسن بصری۔حالات وملفوظات :حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کے حالات وملفوظات بڑے مؤثر اور حکیمانہ ہیں اوراصلاح کا ذریعہ۔یہ کتاب بھی متعدد مرتبہ چھپ چکی ہے۔ 3۔المنکرات فی العقائد والاعمال والعادات:مسلمانوں میں عقائد واعمال کے سلسلے کی جو برائیاں پیداہوچکی ہیں اور عادات ورسوم کی جن بدعات نے ان کو گھیر رکھا ہے، ان کی قرآن وحدیث اور اقوال سلف کی روشنی میں اس کتاب میں مذمت کی گئی ہے۔یہ کتاب اب تک ہزاروں کی تعداد میں چھپ چکی ہے۔ 4۔محرام الحرام اور مسئلہ حضرت حسین ویزید:ماہ ِ محرم میں جن بدعات کا ارتکاب کیا جاتاہے اس کتاب میں ان کی تردید کے ساتھ ان روایات کا تحقیقی جائزہ لیا گیا ہے جو ماہِ محرم اور عاشورا کی فضیلت کے سلسلے میں بیان کی جاتی ہیں۔نیز حضرت حسین اوریزید کے متعلق امام ابن تیمیہ رحمۃاللہ علیہ کا نقطہ نظر تفصیل سے بیان کیاگیاہے۔ |