Maktaba Wahhabi

570 - 665
٭ جن احادیث میں بظاہر تعارض معلوم ہوتا ہو، ان میں تطبیق یا ترجیح کی صورت پیدا کی جائے۔ ٭ منکرین حدیث کے اعتراضات کااچھے الفاظ میں بادلائل جواب دیاجائے۔ ٭ ملحدین ومستشرقین کی طرف سے مسند امام احمد پر جو اعتراضات وارد کیے جاتے ہیں، ان کا جائزہ لیاجائے اورصحیح ترین جواب دیاجائے۔ ٭ مسند امام احمد کی جو احادیث الفتح الربانی میں نہیں آسکیں، اگر وہ مل جائیں تو ان کے ترجمہ وتشریح کو بھی اس میں شامل کیاجائے۔ یہ منصوبہ بعض اہل علم کی محنت سے تکمیل کو پہنچ گیاہے۔ دوسرامنصوبہ یہ ہےکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام صحیح احادیث کو جو حدیث کی مختلف کتابوں میں موجود ہیں، یک جا کرکے ان کااردو اورانگریزی زبانوں میں ترجمہ کیا جائے۔اس منصوبے پرمتعدد اصحاب علم کام کررہے ہیں۔زیادہ تر کام ہوچکاہے، کچھ باقی ہے۔ان شاءاللہ جلدہی اسےشائع کردیاجائے گا۔ باہمت عالم دین حافظ عبدالستار حماد ماشاءاللہ مستعد اور باہمت عالم دین ہیں۔انھیں اللہ کے فضل سے رجال کار بھی میسر آگئے ہیں جو تیز رفتاری سے مصروفِ عمل ہیں۔خود ان کا یہ حال ہے کہ صبح کی نماز کے بعد اپنی مسجد میں درس قرآن دیتے ہیں۔اس کے بعد میاں چنوں سے پچیس کیلومیٹر دور چیچہ وطنی کے مدرسے میں فریضۂ تدریس انجام دیتے ہیں۔ظہر کے وقت وہاں سے اپنے گھر(میاں چنوں) آتے تو بچوں اور بچیوں کے اس مدرسے کی تعلیمی وانتطامی خدمت میں مصروف ہوجاتے ہیں جو انھوں نے جاری کررکھا ہے۔اسے باقاعدگی کے ساتھ چلانے کے لیے بے حد بھاگ دوڑ کرنا پڑتی ہے۔اپنے علاقے میں دعوت وتبلیغ کے لیے بھی وقت دیتے ہیں۔ملتان کی ایک سب سے قدیم اور بڑی مسجد اہلحدیث میں خطبہ جمعہ ارشاد فرماتے ہیں۔بچے حصول تعلیم کے لیے گھر سے باہر ہیں، گھریلو ذمہ داری بھی انہی کے سپرد ہے۔صحیح بخاری پر کام شروع کررکھا ہے۔تقریباً تیرہ پارے مکمل ہوگئے ہیں۔یہ کام نہایت محنت اور مطالعہ کا طالب ہے۔اس طرح مختلف علمی کاموں میں وہ ہروقت مصروف رہتے ہیں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ انھیں تمام امور خیر کی انجام دہی کی توفیق مرحمت فرمائے۔
Flag Counter