Maktaba Wahhabi

569 - 665
ان تصانیف وتراجم کے علاوہ حافظ صاحب کے مختلف رسائل میں شائع ہونےوالے مضامین مندرجہ ذیل ہیں۔ 1۔ماہنامہ”ترجمان الحدیث“میں”عصمت انبیاء“ کے عنوان سے ان کا ایک مضمون اکیس قسطوں میں چھپا۔ 2۔پندرہ روزہ”صحیفہ اہلحدیث“(کراچی)میں”مزارعت کے جواز میں“ ان کا ایک مضمون سات قسطوں میں شائع ہوا۔یہ مضمون”فکرونظر“(اسلام آباد) کے ایک مضمون کے جواب میں لکھا گیا تھا۔ 3۔مولانا حمیدالدین فراہی نے علامہ سیوطی کی کتاب”الاتقان“ پر حواشی لکھے تھے، جن میں علامہ سیوطی کے طرزِ تحریر پر اعتراضات کیے گئے تھے۔ان اعتراضات کا جواب حافظ عبدالستار حماد نے”حواشی فراہی پر ایک نظر“ کے عنوان سے لکھا جو ہفت روزہ”اہلحدیث“(جلد 17، 1986)میں چھاپہ یہ مضمون آٹھ اقساط پر مشتمل تھا۔ 4۔ماہنامہ”شہادت“(اسلام آباد)میں حافظ صاحب ممدوح”ایمان وعقیدہ“ کے عنوان سے مستقل طور پر لکھ رہے ہیں۔یہ مضمون چارحصوں پر مشتمل ہے۔ 1۔ایمان کی حقیقت۔2۔کبیرہ گناہوں کی تفصیل۔3۔کبیرہ گناہوں کا کفارہ۔4۔ایمان کی شاخیں۔اس مضمون کی تیس سے زیادہ قسطیں چھپ چکی ہیں۔5۔ہفت روزہ”اہلحدیث“ میں احکام ومسائل کےعنوان سے ہرہفتے ان کےفتوے شائع ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ الاعتصام، تعلیم الاسلام، ام القریٰ میں ان کے مختلف عنوانات سے متعدد مضامین شائع ہوئے۔ دواہم منصوبے ان تالیفات وتراجم اور مضامین کے علاوہ خدمت حدیث کے دو منصوبے اور ہیں جن پر حافظ عبدالستار حماد کی نگرانی میں”مرکز الدراسات الاسلامیہ“کے ذیلی ادارے”خدمۃ الکتاب والسنہ“ کے تحت یکم محرم 1422ھ(26۔مارچ 2001ء) سےکام ہورہا ہے۔ پہلا منصوبہ یہ ہے کہ مسند امام احمد کا (جوتیس ہزارسے زائد احادیث پر مشتمل ہے)اردو ترجمہ کیاجائے اور فوائد ضبط تحریر میں لائے جائیں جن کا اندازخالص محدثانہ اورفقہیانہ ہو۔الفتح الربانی کے ترتیب کے مطابق۔فوائد مندرجہ ذیل خصوصیات پرمشتمل ہوناچاہئیں۔ ٭ زندگی میں پیش آنےوالے تمام مسائل کا مسند امام احمد کی احادیث سےحل پیش کیاجائے۔
Flag Counter