Maktaba Wahhabi

568 - 665
6۔قیام رمضان اور احکام صیام وعیدین: یہ علامہ ناصر الدین البانی کی عربی تصنیف ہے جوقیام رمضان، روزے کے احکام، عیدین کے مسائل اورقربانی کے آداب پر مشتل ہے۔حافظ عبدالستار حماد نے اس کااُردو ترجمہ کیا ہے۔ 7۔کتاب الجہاد:امام المحدثین عبداللہ بن مبارک رحمۃ اللہ علیہ کی اس تصنیف کا اُردو ترجمہ مولانا ابوسعید عبدالحنان نے کیا ہے اور اس پرنظر ثانی حافظ عبدالستار حماد نے کی ہے۔مقدمہ بھی انھوں نے لکھاہے۔ناشر ہے مکتبہ دارالہدیٰ، لاہور۔ 8۔المستفاد من مہمات المتن والاسناد:شیخ الاسلام علامہ ولی الدین ابوزرعہ احمدبن عبدالرحیم مصری کی اس عربی کتاب پر تقدیم وتعلیق کی خدمت حافظ عبدالستار حمادنے انجام دی ہے اوراسے مرکز الدراسات الاسلامیہ 29۔15ایل نے شائع کیا ہے۔ 9۔قرآنی قاعدہ:چھوٹے سائز کے 32صفحات پر مشتمل یہ قرآنی قاعدہ بچوں کے لیے لکھا گیا ہے۔استاذ اسے اچھی طرح بچے کو پڑھا دے تو قرآن مجید آسانی سے تھوڑی مدت میں پڑھا جاسکتا ہے۔قرآنی قاعدہ مرکز الدراسات الاسلامیہ میاں چنوں کی طرفسے شائع کیا گیاہے۔ 10۔فتاویٰ اصحاب الحدیث: حافظ عبدالستار حماد کی تصنیفی خدمات میں ایک قابل ذکر خدمت ”فتاویٰ اصحاب الحدیث“ ہے۔یہ ان کی نہایت محققانہ خدمت ہے۔لوگ ان سے مختلف دینی مسائل کے بارے بذریعہ خطوط سوال کرتے ہیں اور وہ بہت سی کتابوں کا مطالعہ کرکے قرآن وحدیث اورائمہ دین کے فرامین کی روشنی میں ان کو جواب دیتے ہیں۔یہ بے حد محنت طلب اور نازک تریں سلسلہ ہے۔فتاویٰ اصحاب الحدیث کی پہلی جلد مطبوعہ جنوری 2006ء اس وقت ہمارے سامنے ہے جو بڑے سائز کے پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔حرف اول کے عنوان سے مصنف شہیر کے مقدمےکے بعد”پیش لفظ“ مولانا عبدالخالق بن محمد صادق مدنی(کویت) کا تحریر فرمودہ ہے، جس میں فتویٰ اور مفتی اور مستفتی کے بارے میں انتہائی ضروری باتیں تحریر فرمائی گئی ہیں۔ اس کے بعد”فتاویٰ اصحاب الحدیث“ کے فاضل مصنف نے جن فتووں کا جواب دیا ہے ان کے اہم عنوانات یہ ہیں:1۔توحید وعقیدت۔2۔رسالت وولایت۔3۔طہارت ووضو۔4۔اذان ونماز۔5۔جنائز وزیارت قبور۔6۔زکوٰۃ وصدقات۔7۔حج وعمرہ۔8۔روزہ واعتکاف۔9۔خریدوفروخت۔10۔وصیت ووراثت۔11۔نکاح وطلاق۔12۔جمعہ وعیدین۔13۔آداب واخلاق اور۔14۔متفرقات۔ یہ”فتاویٰ اصحاب الحدیث“کی پہلی جلد ہے جومکتبہ اسلامیہ غزنی سٹریٹ اردوبازار لاہور اور مکتبہ اسلامیہ امین بازار فیصل آباد نے شائع کی ہے۔اس سے آگے بھی ان شاء اللہ فتاویٰ اصحاب الحدیث کی اشاعت کا سلسلہ چلے گا۔
Flag Counter