الدین احمد بن عبداللطیف زبیدی کی تصنیف ہے، جس کانام انھوں نے ”التجرید الصریح الاحادیث الجامع الصحیح “رکھا ہے۔ یہ صحیح بخاری کی مرفوع متصل احادیث کا انتخاب و اختصار ہے۔ امام بخاری فقہی مسائل کے استنباط کی وجہ سے ایک ایک حدیث بعض دفعہ متعدد مقامات پر لے آئے ہیں۔امام زبیدی نے محنت کر کے یہ تکرار ختم کردیا ہے اور حدیث صرف ایک دفعہ ایسے باب کے تحت درج کردی ہے۔ جس کے ساتھ اس کی مطابقت بالکل واضح ہے۔ اس بنا پر انھوں نے امام بخاری کے بصورت ”کتاب“قائم کردہ بعض بڑے عنوانات اور بہت سے ذیلی عنوانات (باب ) بھی حذف کردیے ہیں۔ یہ کتاب دو جلدوں پر مشتمل ہے۔ پہلی جلد 748صفحات کا اور دوسری جلد 645صفحات کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ حافظ عبدالستار حماد نے اس کا اُردو ترجمہ کیا ہے اور فاضل مترجم نے جن مقامات پر ضروری سمجھا وہاں مختصر مگر جامع فوائد بھی تحریر کیے ہیں۔ ترجمہ شگفتہ اور رواں دواں ہے۔ ترجمہ و فوائد پر نظر ثانی جامعہ سلفیہ (فیصل آباد) کے شیخ الحدیث مولانا حافظ عبدالعزیز علوی نے کی ہے۔ یہ کتاب مشہور بین الاقوامی طباعتی و اشاعتی ادارے ”دارالسلام“ نے شائع کی ہے۔پاکستان میں اس ادارے کا مرکز لاہور میں پنجاب سیکرٹریٹ کے قریب ہے۔ 2۔۔۔آئینہ جمال نبوت: یہ ابراہیم بن عبداللہ حازمی کی عربی تصنیف ہے جس میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حلیہ مبارک اور آپ کے حسن و رعنائی کا دلکش انداز میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ حافظ عبدالستار حماد نے خوبصورت الفاظ میں اس کا اُردو ترجمہ کیا اور اس میں درج احادیث کی تخریج و تحقیق کا فریضہ معروف عالم دین مولانا حافظ زبیر علی زئی نے سر انجام دیا ہے۔ یہ کتاب بھی دارالسلام نے شائع کی ہے۔ 3۔۔۔حجیت حدیث: حجیت حدیث نہایت اہم موضوع ہے۔ اس کتاب میں حافظ عبدالستار حماد نے اس موضوع پر وضاحت سے گفتگو کی ہے اور منکرین حدیث کی طرف سے حدیث کی جمع و تدوین پر جو اعتراضات کیے جاتے ہیں اس کے محققانہ اسلوب میں جواب دیے ہیں۔ اس کتاب کی اشاعت بھی داراسلام کی طرف سے ہوئی ہے۔ 4۔۔۔اسلامی قانون وراثت: یہ کتاب مولانا ابو نعمان بشیر احمد کی تصنیف ہے۔ حافظ عبدالستار حماد نے اس پر نظر ثانی فرمائی ہے۔ عالمی اشاعتی ادارے دارالسلام نے اسے شائع کیا ہے۔ 5۔۔۔تسہیل مقدمہ ابن الصلاح (سوالاً جواباً ) اصول حدیث کے موضوع پر یہ نہایت اہم کتاب امام و محدث ابن الصلاح کی تصنیف ہے۔ جو دینی عربی مدارس میں پڑھائی جاتی ہے۔ حافظ عبدالستار حماد نے اساتذہ و طلباء کی سہولت کے لیے سوال و جواب کی صورت میں اس کا آسان اُردو ترجمہ کردیا ہے۔ اسے مکتبہ ناصر یہ امین پور بازار فیصل آباد نے شائع کیا ہے۔ |